عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ میں واضح کمی نظر آئے گی: خرم دستگیر
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ عید الاضحٰی کے دنوں میں لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی نظر آئے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ملک میں بارشوں سے ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، بجلی کا حالیہ شارٹ فال 6 سے 7 ہزار میگا واٹ کے درمیان جب کہ اوسطاً 4 سے 5 ہزار میگا واٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کو متبادل ذرائع پر چلایا جارہا ہے، ڈیموں میں پانی کی سطح بہتر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، کراچی کے ایٹمی پاور پلانٹ کے ٹو کی ری فیولنگ جاری ہے جس سے مزید 1100 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ افغانستان سےکوئلے کی درآمد کے معاملےمیں پیشرفت ہوئی ہے، ساہیوال کول پاور پلانٹ تک کوئلے کی رسائی کے لئے انتظامات کیے گئے ہیں، کوئلے سے بھری تین ٹرینیں ساہیوال پہنچ چکی ہیں جس پر افغان حکومت کے مشکور ہیں۔
Comments are closed on this story.