Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کو تمام 14 اضلاع میں برتری حاصل ہے۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔

لاڑکانہ: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے میدان مار لیا، غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کو تمام 14 اضلاع میں برتری حاصل ہے۔

سندھ کے 4 ڈویژن کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو واضح اکثریت حاصل مل گئی۔

الیکشن میں فتح پر پیپلز پارتی کے کارکنان نے جم کر جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور سکھر میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

چودہ اضلاع کے شہری علاقوں کی 354میونسپل کمیٹیوں میں سے اب تک 309نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔

اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے میونسپل کمیٹی کی 244نشستیں جیت لی ہیں،پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشست بھی جیت لی۔

جی ڈی اے بھی 22 نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ 20 نشستوں پر آزاد امیدوار وں نے کامیابی سمیٹی ، اس کے علاوہ پی ٹی آئی 14 اور جے یو آئی 7 نشستیں حاصل کرپائی جبکہ دیگر جماعتوں نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

سندھ کی 4 ڈویژنز کی ٹاؤن کمیٹیوں میں کل 694 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی 408 سے زائد نشستوں پر کامیابی کے ساتھ دیگر جماعتوں سے کافی آگے رہی۔

جی ڈی اے کے 57امیدوار اور 61 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کے 10 اور جے یو آئی کے 7 امیدوار بھی کامیاب رہے جبکہ دیگر جماعتوں کی کامیابی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بلدیاتی انتخابات میں گزشتہ روز پرتشدد واقعات بھی دیکھنے میں آئے جس میں 2 افراد جان سے گئے اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

کئی مقامات پر بیلٹ پیپرز چوری کرنے کے واقعات بھی ہوئے، الیکشن عملے کے 10افراد کو اغوا ء بھی کیا گیا ،جہنیں بعد میں مذاکرات کے بعد ڈاکوؤں سے رہا کرالیا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)نے الیکشن پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

sindh

Eelection Commision

Sindh Local Government Election