انسٹاگرام نے صارفین کی عمر کے تعین کیلئے انوکھا انداز اپنا لیا
معروف فوٹو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام نے اپنے صارفین کی عمر کی تصدیق کے لئے نئے رولز کی آزمائش شروع کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا دی ورج کے مطابق انسٹاگرام ایپلیکیشن کے نئے ٹولز میں ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے جس کے تحت کمپنی ویڈیو سیلفی کے ذریعے صارف کے چہرے کی اسکیننگ کرکے عمر کا تعین کرسکے گی۔
یو ٹی نامی ڈجیٹل آئیڈینٹیٹی (شناخت) کرنے والی کمپنی نے بتایا کہ میٹا نے عمر کا تعین کرنے کے لئے نئے طریقہ کار متعارف کرائے ہیں جن میں پہلا آپشن یو ٹی کی ‘ایج ایسٹیمیشن ٹیکنالوجی’ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی صارفین کی عمر کا اندازہ لگانے کے لئے مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کرتے ہوئے ان کے چہروں کے نقوش کا تجزیہ کرتی ہے جب کہ میٹا کی ذیلی کمپنی انسٹاگرام نے ان ٹولز کی آزمائش کا آغاز امریکا میں کردیا ہے۔
پہلے آپشن کو رد کرنے کی صورت میں ایپلیکیشن آپ کو 18 سال یا اس سے زائد کی عمر والے باہمی فالوورز سے تصدیق کرنے کی اجازت دے گا کہ آپ کی عمر کتنی ہے۔ اس حوالے سے آپ کی عمر کی ضمانت لینے والے صارفین انسٹاگرام کی جانب سے ایک درخواست وصول کریں گے جس کا جواب انہیں 72 گھنٹوں میں دینے کی چھوٹ ہوگی۔
اس کے علاوہ عمر کی تصدیق کا ایک طریقہ کار ایک درست قسم کی شناخت بھی ہے جیسے کہ ڈرائیونگ لائسنس کو اپ لوڈ کرنا جو کہ پہلے سے دستیاب ہے جس کے لئے صارف کی عمر 18 سال ہونا لازمی ہوتی ہے۔
اس ضمن میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی 18 سال سے کم عمر صارف انسٹا گرام پر اپنی تاریخ پیدائش 18 سال یا اس سے زیادہ کرنے کی کوشش کرے گا تو ایپلیکیشن اس کو مذکورہ فیچرز کو استعمال کرتے ہوئے عمر کی تصدیق کرنے کی ہدایت کرے گی۔
انسٹاگرام نے مزید کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ یہ فیچر نوجوانوں اور بڑی عمر کے افراد کو ان کی عمر کے مطابق مناسب تجربہ فراہم کرے گا۔
Comments are closed on this story.