حکومت کی ایک بار پھر تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لینے کی دعوت
حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے کی دعوت دے دی ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر ایاز صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کنپٹی پر پستول رکھ کر الیکشن نہیں لےسکتے، ہم انہیں پہلے کی طرح دعوت دیتے ہیں کہ گالیاں بہت دے لیں اب آئیں ایوان میں بیٹھیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور الیکشن کے حوالے سے دونوں قوانین پر نوٹیفیکیشن کل جاری ہوجائے گا۔
ق لیگ کے رہنما حسین الٰہی نے کہا کہ اب کسی کا ضمیر کیوں نہیں جاگ رہا، مہنگائی مارچ کرنے والوں کو شرم نہیں آتی کہ آج مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرنے والی پی ٹی آئی پر تشدد کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی سے اسلام آباد تک مارچ کیا جنہیں کسی نے روکا، مولانا فضل الرحمن کو بھی کسی نے روکا جب کہ مریم نواز مہنگائی مارچ لے کر دارالحکومت آئیں کیا کسی نے انہیں روکا؟ عوام نے اب فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں، کسی غیر ملکی طاقت کے پروردہ لوگوں کے پیچھے نہیں چلیں گے۔
حسین الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ یہ حکومت ریاست کے اداروں اور مہنگائی کے خلاف بات کرنے والی پی ٹی آئی کو لڑانا چاہتے ہیں، عوام بخوبی سمجھنے لگ گئے ہیں مہنگائی کی وجہ یہ امپورٹڈ حکومت ہے۔
رکن اسمبلی صلاح الدین ایوبی نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی زراعت کو بچانے کے لئے کم از کم آٹھ گھنٹے بجلی ہونی چاہیے، ایم این ایز کو ملنے والا تیل کم کیاجائے اور حکومت کرپشن کو روکنے پر توجہ مرکوزکرے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم دیں، بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا ہے اور کل کو افغانستان بھی ہم سے آگے نکل سکتا ہے۔تاہم اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل دوپہر ڈیڑھ بجے تک ملتوی کر دیا۔
Comments are closed on this story.