Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کی ایڈونچر ٹورازم کے حوالے سے بیلجیئم میں تقریب کا انعقاد

پاکستان حیرت انگیز مہمان نوازی اور پُر کشش مقامات کے ساتھ ایک پوشیدہ جوہر ہے
شائع 17 جون 2022 06:52pm
کوہ پیمائی مہمات کی ویڈیو فلم بھی شیئر کیں۔ فوٹو — سفارتخانہ
کوہ پیمائی مہمات کی ویڈیو فلم بھی شیئر کیں۔ فوٹو — سفارتخانہ

پاکستانی سفارت خانہ برسلز نے کے ٹو، نانگا پربت اور براڈ پیک کی کامیاب مہمات کی مناسبت سے پاکستانی ایڈونچر ٹورازم کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام ملک کے 75ویں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کیا۔

بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے سفارت خانے میں شرکا کا خیر مقدم کیا۔

شرکاء میں بیلجیئم کے نامور کوہ پیما، سٹیف میگینیل، سوفی لینارٹس، نیلز جیسپرس، لوک بیرینیکس اور والٹر ز نوٹرمین شامل تھے، جنہوں نے حال ہی میں K2، نانگا پربت، گاشربرم I اور II اور براڈ پیک کو سر کیا تھا، اسکے علاوہ تقریب میں پاکستان میں اگلے ماہ ٹریکنگ مہم کا آغاز کرنے والے ٹریکنگ گروپ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے دنیا میں سیاحت کے سب سے زیادہ مسابقتی مقام کے طور پر پاکستان کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں انتہائی خوبصورت اور غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستان کی سیاحتی صنعت نے سیاحتی انفراسٹرکچر اور سہولیات میں نمایاں ترقی کی ہے۔

گزشتہ ماہ ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ٹریول اینڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ انڈیکس 2021 میں چھ پوائنٹس اوپر چلا گیا ہے۔یہ انڈیکس سیاحتی پالیسیوں کی مستحکم اور پائیدار ترقی کی بنیاد پر ممالک کی درجہ بندی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلجیئم کے کوہ پیماؤں کی یہ مہم مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں خصوصاً کوہ پیماؤں، ٹریکرز اور ایڈونچر سیاحوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔

تقریب کے دوران، کوہ پیماؤں نے کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک، گاشربرم 1 اور 2، بیافو گلیشیئر اور قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع برفیلی جھیلوں پر اپنے ذاتی کوہ پیمائی تجربات کے ساتھ علاقے کی مہمان نواز مقامی آبادی کے ہمراہ اپنی بات چیت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنی کوہ پیمائی مہمات کی ویڈیو فلم بھی شیئر کیں۔

اس موقع پر نیلز جیسپرس نے کہا کہ کے ٹو دنیا کی سب سے پرکشش چوٹی ہے جسے سر کرنا ان کے لئے انتہائی خوشی کا باعث بننے والا ایک بہت بڑا خواب تھا۔

سوفی لینارٹ نے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کا سب سے بڑا صلہ یہ تھا کہ اس دورے کے ذریعے ان کا پاکستان کے مہمان نواز مقامی لوگوں سے رابطہ قائم ہوا جب کہ مسٹر جینز نے کہا کہ پاکستان حیرت انگیز مہمان نوازی اور پُر کشش مقامات کے ساتھ ایک پوشیدہ جوہر ہے۔

پاکستان

mountaineer

Europe

Belgium