Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب میں طوفانی بارش کے باعث 2 مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گھر کی دیوار اور چھتیں گرنے سے 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سرائے عالمگیر میں بارش کے بعد پھسلن کے باعث کار نہر میں جا گری، حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اپ ڈیٹ 17 جون 2022 02:21pm
اوکاڑہ میں بجلی کی تار ٹوٹنے سے آگ لگ گئی، کئی دکانیں لپیٹ میں آگئیں۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
اوکاڑہ میں بجلی کی تار ٹوٹنے سے آگ لگ گئی، کئی دکانیں لپیٹ میں آگئیں۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

لاہور: پنجاب میں طوفانی بارش کے باعث دو مختلف حادثات میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 زخمی ہوگیا، اوکاڑہ میں بجلی کی تار ٹوٹنے سے آگ لگ گئی، کئی دکانیں لپیٹ میں آگئیں۔

شدید گرمی کے بعد طوفانی بارش نے جہاں گرمی کا زور توڑ دیا وہیں مختلف حادثات میں 11افراد لقمہ اجل بن گئے۔

لاہور میں تیز بارش، گھر کی دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق

لاہور میں تیز بارش نے تباہی مچادی، جہاں گھر کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 5افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

افسوسناک حادثہ لاہور میں بینک اسٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

مرنے والوں میں 52سالہ شبیر، 45سالہ مسرت، 19سالہ شرجیل ، 16سالہ آمنہ اور 14سالہ نوفیل شامل ہیں۔

ادھر شاہدرہ اور بیدیاں روڈ پر مکانات کی چھتیں زمین بوس ہونے سے ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے۔

اس کے علاوہ حافظ آباد میں دیواریں گرنے کے 2 مختلف واقعات میں ایک خاتون جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔

سرائے عالمگیر :بارش کے بعد پھسلن کے باعث کار نہر میں جا گری، 6افراد جاں بحق

دوسری جانب سرائے عالمگیر میں بارش کے بعد پھسلن کے باعث کار نہر میں جا گری، حادثے میں 2سالہ بچے سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے۔

سرائے عالمگیر میں تھانہ صدر کے علاقے سمبلی کے مقام پر گزشتہ رات افسوسناک حادثہ تیز طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش کے باعث پیش آیا۔

حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ، مرنے والوں میں23 سالہ سعید، 2 سالہ سیف، 70 سالہ رشیدہ بیگم، 50 سالہ عابدہ پروین، 28 سالہ نادیہ اور 45 سالہ شاہین اختر شامل ہیں۔

حادثے کا شکار خاندان جہلم سے اپنے گاؤں کھوہار جا رہا تھا کہ بارش کے بعد ہونے والی پھسلن کی وجہ سے کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور کار سمیت تمام افراد کی لاشوں کو نہر سے نکال لیاجبکہ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کاسرائے عالمگیر کے قریب کار حادثے پر افسوس کا اظہار

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سرائے عالمگیر کے قریب کار حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت نے گرمی کو دور بھگا دیا، گرمی سے جان چھٹنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔

وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کے کئی فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے۔

محکمہ موسمیات نے منگل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لاہور اور کراچی میں بھی رم جھم ہوتی رہے گی۔

جہلم میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ ننکانہ صاحب میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

اوکاڑہ کے نواحی قصبہ حویلی لکھا میں آندھی کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور ٹرانسفارمر کو آگ لگ گئی، آگ نے کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا جنہیں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھایا، اس کے علاوہ شرقپورشریف میں تیزبارش سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

پنجاب میں بارشیں :وزیراعلیٰ پنجاب کا اداروں کو نظر الرٹ رہنے کا حکم

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے واساز، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کو پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب مقرر کردہ وقت میں مکمل کیا جائے، افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ یقینی بنائی جائے، خدانخواستہ ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں متعلقہ ادارے بروقت موقع پر پہنچیں۔

lahore

Rain

Car

sarai alamgir

canal

house roof collapse