Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کا کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت میں 20 جون تک توسیع

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت 38 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کی اورپولیس کو 20 جون تک گرفتاری سے روک دیا۔
شائع 13 جون 2022 11:30am

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے رہنماؤں کی ضمانت میں 20جون تک توسیع کردی، عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت 38 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کی ۔

اسلام آباد کے سیشن جج کامران بشارت مفتی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے معاملے پر شاہ محمود قریشی سمیت 38 ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

اس سلسلے میں شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، زرتاج گل، اسد عمر، شیری مزاری سمیت دیگر رہنما ءعدالت میں پیش ہوئے۔

جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا مقدمات کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے؟جس پراسیکیوٹر واجد منیر نے بتایا کہ مقدمات کی ابھی تک تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔

جج نے استفسار کیا کہ کتنے لوگ ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے؟ جس پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ بہت سارے بیان ہیں لیکن بہت سے لوگ تفتیش میں شامل نہیں ہوئے۔

تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ہمارے رہنما ءتھانوں میں گئے لیکن جواب ملا صاحب موجود نہیں ہیں۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ ہم تھانہ وائز درخواست ضمانتوں پر بحث رکھ لیتے ہیں، جس پر بابر اعوان نے کہاکہ جس طرح چل رہا ہے اسی طرح جانے دیں، ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے، سب ملزمان پیش ہوں گے۔

جج نے کہا کہ تمام ملزمان کو شامل تفتیش کروالیں اور ان کی حاضری بھی لگوالیں ، یہ شکایت کررہے ہیں کہ تھانوں میں جاتے ہیں مگر تفتیشی نہیں ملتا۔

عدالت نے پراسیکیوٹر کوکمرہ عدالت میں ہی سب کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت دے دی۔

شیریں مزاری نے عدالت سے استدعا کی کہ میں کچھ کہنا چاہتی ہوں، میں شامل تفتیش ہو چکی ہوں اور آج ہی میرے وکیل بحث کریں گے۔

جج نے شیریں مزاری کو جواب دیا کہ ہم نے منگل کی تاریخ رکھ لی ہے اس دن بحث کر لیں گے، جس پر شیریں مزاری نے کہا کہ مجھے پھر حاضری سے استثنیٰ دے دیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر بحث کیلئے صرف 2 وکیل ہی پیش ہوں، کمرہ عدالت میں ملزمان سے زیادہ وکلاء کی تعداد ہے۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستوں میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 20 جون تک ملتوی کر دی۔

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد

Session court

pti long march

pti leaders

bail extend