Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

تیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو شکست، پاکستان نے کلین سوئپ مکمل کرلیا

پاکستان نے تیسرے اور آخری ون ڈے میں بھی 53 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔
شائع 13 جون 2022 08:35am

ملتان :پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ون ڈے میں 53رنز سے شکست دے کر 3میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،عقیل حسین 60 رنز بناکر نمایاں رہے اور یوں گرین شرٹس نے میچ 53 رنز سے جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں پر269رنز بنائے، آل راؤنڈر شاداب خان 86 اور امام الحق 62 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا رہا اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 85 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹےجبکہ امام بھی 62 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ محمد حارث صفر ،محمد رضوان 11 اور خوشدل شاہ 34 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

ایسے میں آل راؤنڈر زشاداب خان نےشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری بنائی لیکن وہ بھی اختتامی اوورز میں 86 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے48رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز

پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ رہا اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی گئیں۔

عقیل حسین اور کیاسی کاٹی کے علاوہ کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا۔

عقیل حسین 60 اور کیاسی کاٹی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جتوا نہ سکے ، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں 53 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاداب خان کو آل راؤنڈ کار کردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 199 رنز بنانے پر امام الحق پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ لے اُڑے۔

پاکستان

West Indies

Baber Azam

shadab khan

odi series

Pak Vs Wi

multan cricket stadium

shahnawaz dhani

clean sweep