منی لانڈرنگ کیس: وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ضمانت میں توسیع
منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت 16 دیگر ملزمان کی ضمانت میں مزید توسیع کردی گئی۔
لاہور کی اسپیشل سنٹرل کورٹ میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پیش ہوئے۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ نے سلمان شہباز اور طاہر نقوی کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے اشتہار جاری کرکے اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقصود چپڑاسی، سلمان شہباز اور طاہر نقوی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک مقصود فوت ہوگئے ہیں تاہم ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی رپورٹ آنے تک ہم تصدیق نہیں کرسکتے ہیں۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگرملزمان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 جولائی کو منی لانڈرنگ کیس کی اگلی سماعت میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پر فردِ جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ کیس کی گزشتہ سماعت میں ایف آئی اے نے عدالت سے شہباز شریف اور حمزہ شریف کی گرفتاری مانگی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔
Comments are closed on this story.