Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

عامر لیاقت کو کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفنایا گیا ہے۔
اپ ڈیٹ 10 جون 2022 06:52pm
تصویر: فائل
تصویر: فائل

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

آج نیوز کے مطابق عامر لیاقت کو کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں مدفن کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے عامر لیاقت کی میت بغیر پوسٹ مارٹم کیے ورثا کے حوالے کردی گئی ہے جس کے تحت ان کے کفن دفن کے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کاغذی کارروائی مکمل کرکے عامر لیاقت کی لاش ان کے صاحبزادے احمد عامر کے حوالے کردی گئی ہے۔

رکنِ قومی اسمبلی کو غسل رمضان چھیپا نے دیا اور اب ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا جائے گا۔

اس سے قبل ورثا کو میت نہ ملنے کے سبب عامرلیاقت حسین کی نماز جنازہ تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔

آج نیوز کے مطابق رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت حسین کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ادا کیے جانے کے بعد تدفین عبداللہ شاہ غازی مزارکے احاطے میں ہونی تھی۔

قبل ازیں عامر لیاقت حسین کے ورثا اور پولیس کے درمیان پوسٹ مارٹم نہ کرانے کے حوالے سے لکھا گیا حلف نامہ کچھ دیر بعد پولیس نے ماننے سے انکار کردیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق 174 کی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم ہرصورت لازمی ہے جبکہ عدالتی حکم نامہ ہی پوسٹ مارٹم رکوا سکتا ہے۔

عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پرایک پوسٹ میں سابقہ شوہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ آج 10 جون کو بعد نماز جمعہ 2 بجے جامع مسجد عبداللہ شاہ غازی کلفٹن پر ادا کی جائے گی اور وہیں مزار کے احاطے میں ان کی تدفین ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کے دونوں وارثین احمد عامر اور دعا عامر نے ان کا پوسٹ مارٹم کروانے سے منع کردیا ہے اور ان کی خواہش کے مطابق مرحوم کو عزت واحترام کے ساتھ ان کی آخری آرام گاہ تک لے جایا جائے گا۔

سیدہ بشریٰ اقبال نے مزید کہا کہ آپ سب سے دعائے مغفرت کی درخواست ہے ، اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے، آمین۔

واضح رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین گزشتہ روز اپنے گھر میں مردہ پائے گئے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔

پاکستان

karachi

Aamir Liaquat Hussain

Funeral

syeda dania shah

Syeda Bushra Iqbal