Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

قوم کی خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں انڈس اسپتال کا افتتاح کردیا، انڈس اسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہے۔
اپ ڈیٹ 05 جون 2022 05:00pm

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے دین اور دنیا دونوں کمارہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں انڈس اسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈس اسپتال کا افتتاح کرنا باعث خوشی ہے، اسپتال چلانے والے قابل فخر پاکستانی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے دین اور دنیا دونوں کمارہے ہیں، انسانیت کی خدمت کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں، قومیں محنت اور دیانتداری سے ترقی کرتی ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے 4 لاکھ 80 مستحقین مستفید ہوئے، اچھے لوگ کسی بھی حکومت کے ساتھ کام کریں تو سیاست کا رنگ نہیں دینا چاہیئے، اپنا روزگار اسکیم جیسے پروگرام بند کرنا زیادتی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ صحت، تعلیم، زراعت اور صنعت کے شعبوں پر سمجھوتا نہیں ہونا چاہیئے، تمام شعبہ جات کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، ہمیں اپنی ذاتی پسند اور ناپسند سے بالاتر ہوکر ملکی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ پوری دنیا میں پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، گزشتہ حکومت نے عالمی صورتحال کے مطابق قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، موجودہ حکومت نے دل پر ہاتھ رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ غریب افراد کو ریلیف دینے کیلئے 2 ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا، محنت اور لگن سے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے، ملک ترقی کرے گا، قومیں منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی کرتی ہیں، 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ قابل قبول نہیں۔

وزیراعظم نے لاہور میں انڈس اسپتال کا افتتاح کردیا

اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں انڈس اسپتال کا افتتاح کردیا۔

وزیراعظم شہبازشریف انڈس اسپتال کا افتتاح کرنے لاہور پہنچے جہاں انہوں نے اسپتال انتظامیہ سے ملاقات بھی کی، انڈس اسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہے۔

اسپتال میں بین الاقوامی معیار کے مطابق علاج و معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

lahore

PM Shehbaz Sharif