منشیات برآمدگی کیس: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ فرد جرم کیلئے 25 جون کو طلب
لاہور: انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو فرد جرم کیلئے 25 جون کو طلب کرلیا۔
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف منشیات برآمدگی کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے راناثناء اللہ کو فردجرم کیلئے طلب کرلیا اور25 جون کو کیس سماعت کیلئے مقررکردیا۔
عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا، جس کے تحت عدالت نے رانا ثناء اللہ کی پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹس کھولنے کی درخواست پر اے این ایف سے جواب طلب کرلیا، رانا ثناء اللہ کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر وکلاء آئندہ دلائل دیں۔
تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے شریک ملزمان نے فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواستوں کو واپس لیا، عدالت نے درخواستوں کو واپس لینے کی بنیاد پر مسترد کردیا۔
رانا ثناءاللہ کی عدم حاضری پر ان کے وکیل نے مؤقف دیا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ ہونے کے باعث اسلام آباد میں جلدی جانا ہے، اس لئے وہ پیش نہیں ہوسکے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف اے این ایف حکام نے 15 کلو منشیا برآمدگی کا چالان جمع کروارکھا ہے ۔
Comments are closed on this story.