حمزہ شہباز نےوزیراعلیٰ کے الیکشن کیخلاف درخواستوں کا تحریری جواب جمع کروادیا
لاہور: حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کیخلاف درخواستوں کا تحریری جواب لاہور ہائکو رٹ میں جمع کروادیا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے وکیل خالد اسحاق کے ذریعے 16 صفحات کا جواب جمع کرایا، جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ کے الیکشن کیخلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔
حمزہ شہباز کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کا الیکشن ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں بالکل آئین و قانون کے مطابق ہوا، وزیر اعلیٰ کیلئے الیکشن سپریم کورٹ کی63-A کی تشریح سے قبل ہوا۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق سپریم کورٹ کی تشریح کا وزیراعلیٰ کے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا۔
حمزہ شہباز نے اپنے جواب میں کہاکہ سابق گورنر کی جانب سے الیکشن سے متعلق چھان بین غیر قانونی تھی، سیکرٹری اسمبلی کے پاس بھی الیکشن سے متعلق انکوائری کا کوئی اختیار نہیں۔
جواب میں حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کا الیکشن قانون کے مطابق ہوا اور حمزہ شہباز قانون کے مطابق ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، وزیراعلیٰ کے الیکشن کیخلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔
Comments are closed on this story.