Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

بلوچستان بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ مجموعی طور پر 35 لاکھ 52 ہزار 398 افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
اپ ڈیٹ 29 مئ 2022 10:37am

کوئٹہ: بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، جس کیلئے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جبکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 7میونسپل کارپوریشن اور 838 یونین کونسلز کیلئے نمائندؤں کا انتخاب ہوگا۔

بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 35 لاکھ 52 ہزار398 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 20 لاکھ 6 ہزار 274 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 46 ہزار 124 ہے۔

بلوچستان کے 1584 وارڈز میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ انتخابات میں 16 ہزار 195 امیدوار مدمقابل ہیں، بلوچستان سے پہلی بار 132 خواتین امیدوار بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑرہی ہیں۔

اس وقت 4 ہزار 456 وارڈز پر ووٹنگ ہورہی ہے، 7 اضلاع کے 2034 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 1974 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

بلوچستان بھر میں انتخابات کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر پولیس، لیویز اور ایف سی کے جوان تعینات ہیں جبکہ ضرورت پر پاک فوج کو بھی طلب کیا جاسکے گا۔

بلوچستان بلدیاتی انتخابات کیلئے 5226 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، مردوں کیلئے 576، خواتین کیلئے 562 اور 4088 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر اور اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جبکہ کوئٹہ اور لسبیلا میں بلدیاتی الیکشن دوسرے مرحلے میں ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان اور سیکرٹری الیکشن کمشنں بلوچستان بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے کہا ہے کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بے خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بلوچستان

quetta

security

Polling

local body election