Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان، پی ٹی آئی کے کارکن منتشر ہونا شروع

تحریک انصاف کا لانگ مارچ اختتام پذیر ہوگیا، پولیس نے کارکنوں کو ریڈزون سے باہر نکال دیا اور ڈی چوک گیٹ کو بند کردیا۔
اپ ڈیٹ 26 مئ 2022 12:09pm

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے کارکن منتشرہونا شروع ہوگئے جبکہ پولیس نے کارکنوں کوریڈزون سے باہر نکال دیا اور ڈی چوک گیٹ کو بند کردیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کا لانگ مارچ اختتام پذیر ہوگیا، ڈی چوک پرجمع کارکنان منتشر ہوگئے، ریڈ زون سے بھی کارکنان کونکال دیا گیا۔

تحریک انصاف کا آزادی مارچ صبح اسلام آباد پہنچا ، جناح ایونیوپرعمران خان نے کارکنوں سے خطاب میں حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کے اعلان کیلئے 6 دن کی مہلت دی ۔

عمران خان نے کہا کہ اگرانتخابات نہیں کرائے تو آئندہ 20 لاکھ کے مجمع کے ساتھ اسلام آباد واپس آؤں گا۔

کپتان کے اعلان سے ڈی چوک پرموجود کارکنان لاعلم رہے ، جہاں کارکنان کو ریڈ زون کی جانب بڑھنے پر پولیس کی شیلنگ کا سامنا کرنا پڑا، پتھراؤ بھی ہوا ۔

کارکنوں کو کپتان کے اعلان کا علم ہونے پر واپسی کی راہ اختیارکی، جن کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کو نہیں مانتے کپتان کی آواز پر لبیک کہیں گے، بلایا تو پھر آئیں گے۔

شیلنگ کی زد میں آنے والی خاتون کہتی ہیں کہ شیلنگ کے اثرات آج بھی ہیں ۔

گزشتہ روز سے تمام نظروں کا محور رہنے والا ڈی چوک اب معمول پرآرہا ہے ، کارکنان گھروں کو روانہ تو انتظامیہ راستے کھولنے اور صفائی ستھرائی میں لگی ہوئی ہے۔

لاہور: پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کیلئے بند راستے کھول دیئے گئے

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے گزشتہ روز بند کئے گئے راستے کھول دیئے گئے۔

امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگاتے آزادی مارچ ختم ہوگیا لیکن لاہور شہر کے خارجی راستے صبح کے وقت تک نہ کھل سکے، دفاتر اور دیگر کام کاج پر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

معمولات زندگی متاثر ہونے کے باعث شہری حکومت پر برس پڑے، جن کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام سے لانگ مارچ کا بدلہ لیا۔

لاہور میں بابو صابو انٹرچینج، پرانا راوی پل، سگیاں پل سمیت سیالکوٹ بائی پاس اور دیگر اضلاع کے خارجی راستوں پر کھڑی رکاوٹیں ہٹانے کا کام شروع ہوگیا ہے۔

لاہورمیں لبرٹی چوک بھی میداان جنگ بنارہا، پی ٹی آئی کارکن اور پولیس آمنے سامنے

لاہور میں گزشتہ رات لبرٹی چوک بھی میدان جنگ بنا رہا، پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور پولیس اہلکار آمنے سامنے آگئے۔

لاہور میں دن بھر کی جھڑپوں کے بعد تحریک انصاف کے رہنماء شفقت محمود کی ہدایت پر پی ٹی آئی کارکنان لبرٹی چوک پہنچے، مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔

پولیس کی نفری نے کارکنوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی، شیلنگ کے بعد کارکنوں نے لبرٹی چوک کو بند کردیا۔

احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے آج نیوز کی ٹیم پر حملہ کردیا، گاڑی کا شیشہ توڑا اور ڈی ایس این جی اسسٹنٹ ناصر کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی رات گئے تک جاری رہی جس کے بعد کارکن منتشر ہوگئے۔

اسلام آباد

imran khan

D Chowk

red zone

pti long march