زرداری اور نواز کے منہ سے کبھی امریکی ڈرون حملوں کے خلاف آواز نہیں نکلی: عمران خان
صوابی: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکا کی جنگ کا حصہ بنے لیکن کسی نے شکریہ ادا نہیں کیا۔
صوابی میں جلسہ گاہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ جب آپکو کال دوں گا تو سب سے اسلام آباد میں ملنا چاہتا ہوں، جو دارالحکومت نہیں آسکتا وہ صوابی میں نکلے گا اور بتائیں کہ غلامی نامنظور، امپورٹڈ حکومت نامنظور۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ غلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی، ہم امریکا کی جنگ کا حصہ بنے لیکن کسی نے شکریہ ادا نہیں کیا، امریکا نے کہا پاکستان کی وجہ سے افغان جنگ نہیں جیت سکے۔
انہوں نے کہا کہ تھری اسٹوجز نے 10 سال مل کر ملک میں حکومت کی اس وقت پاکستان پر 4 سو ڈرون حملے ہوئے، 4 ہزار میل دور بیٹھ کر ایک کمرے میں کمپیوٹر گیم کھیلی جاتی ہے، ایک بار ڈرون حملے میں 64 بچے مر گئے جب کہ ایک بار وزیرستان پر ڈرون حملے میں 7 لوگ مر جاتے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگ وہاں جاتے ہیں پھر ڈرون حملہ ہوتا ہے، اس طرح 21 افراد مزید مرجاتے ہیں، زرداری اور نہ گیدڑ نوازشریف کے منہ سے ڈرون حملوں کے خلاف ایک آواز نکلی کیونکہ انہیں جرات نہیں تھی کہ امریکا کے خلاف کچھ کہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کہ آپ کسی کو مجرم کہہ کر قتل کردیں، کیا ہم لندن میں بیٹھے دہشتگرد کو ڈرون کے ذریعے مارنے کی اجازت دیں گے، یہ پیسے کے بت کی پوجا کرنے والے ہیں، یہ کبھی اپنے لوگوں کے حقوق کیلئے آقاؤں کے سامنے زبان نہیں کھولیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ امریکا کو معلوم تھا کہ عمران خان نہ اڈے دے گا نہ ان کی جنگ میں شرکت کرے گا جب کہ صرف اپنے لوگوں کیلئے فیصلے کرے گا کیونکہ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے اسی لئے میرے خلاف یہ سازش کی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ 30 سال سے بھٹو اور شریفوں کے خاندان ملک میں حکمرانی کررہے ہیں، شہباز شریف کہتا ہے ہم بھکاری ہیں اس لئے غلام ہیں، ان کا ایک وزیر کہتا ہے ہم وینٹی لیٹر پر ہیں، یہ لوگ بتوں کی پوجا کرتے ہیں، ایک پیسے اور دوسرا خوف کا بت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جانور اتنا کھاتا ہے جتنی اس کی بھوک ہوتی ہے لیکن ان کا تو پیٹ ہی نہیں بھرتا، چور اوپر بیٹھ جائے تو ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، ایف آئی اے کے دو محنتی افسران میں سے ایک ہارٹ اٹیک میں مرگیا اور دوسرا افسر بھی اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے، میں بتاؤں گا کہ کونسا زہرہے جو کھانے میں ڈالتے ہیں اور ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پرائم منسٹر نہیں بلکہ کرائم منسٹر ہے جس کا بھائی ڈاکو، چور اور جھوٹا ہے، اس کی سزا یافتہ بیٹی تقریریں کرتی پھر رہی ہے اور ایم کیو ایم نے چُن چُن کر پولیس والوں بھی کو قتل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہرانے کیلئے سب اکھٹے ہوگئے ہیں، ان سب کا ایک ساتھ جنازہ نکلے گا، پہلے سب سے زیادہ لوٹے فیصل آباد سے نکلے تھے لیکن اس شہر سے ایک بھی لوٹا نہیں جیتے گا، سب کو پتہ لوٹے کون ہیں مگر الیکشن کمیشن انہیں بچانے کے لئے نقطے ڈھونڈ رہا ہے، آپ سے یہ لوگ بچ بھی گئے تو پاکستان کے عوام سے نہیں بچیں گے۔
Comments are closed on this story.