Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

مجھےکچھ ہوا تو پاکستان کے عوام نے مجھے انصاف دلانا ہے، عمران خان

ریکارڈڈ ویڈیو میں جن کے نام ہیں عوام نے ان کو ایک ایک کرکے کٹہرے میں لانا ہے، چیئرمین تحریک انصاف
اپ ڈیٹ 16 مئ 2022 08:52am

فیصل آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھےکچھ ہوا تو پاکستان کے عوام نے مجھے انصاف دلانا ہے، ریکارڈڈ ویڈیو میں جن کے نام ہیں عوام نے ان کو ایک ایک کرکے کٹہرے میں لانا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے لوگوں کا جنون دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں،2018 میں فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کی صنعت بند ہورہی تھی یہاں فیکٹریاں بند کرکے ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی جارہی تھیں ،ہماری حکومت کی پالیسیوں کے بعد فیصل آباد کی صنعتوں نے اب تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ہماری حکومت میں کسانوں کو ریکارڈ پیسہ گیا جس سے وہ خوشحال ہوئے، کسان خوش تو پاکستان خوشحال ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا میں میرے خلاف سازش تیار کی گئی، یہاں کے میرجعفر اور میر صادق نے سازش پر عمل کیا، اب ان سے ملک نہیں سنبھل رہا ہے، ڈالر بڑھ رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ گررہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب آپ باہر نکلیں گے آپ کو 2 لفظ سننے کو ملیں گے، غدار اور چور، ن لیگ کی حکومت میں جرم نہ کیا ہو تو وزارت نہیں ملتی، سب سے بڑا چور اور ڈاکو آصف زرداری گاڈ فادر بن کر بیٹھا ہوا ہے، دوسرا چور، بھگوڑا، غدار لندن میں بیٹھ کر فیصلے کررہا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ عوام نے میرے ساتھ نکل کر ملک کو چوروں سے آزاد کرانا ہے، میڈیا ہاؤسز والے اب عوام میں اپنے لوگوں کو مائیک لےکر کیوں نہیں بھیجتے، اب ٹماٹر اور مرغی کی قیمت کیوں نہیں پوچھتے جس کی قیمت دگنی ہوگئی۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا کے مشکل حالات کے باوجود ہم نے معیشت کو سنبھالا، دنیا تعریف کررہی تھی کورونا میں پاکستان نے سب سے اچھا کام کیا، کورونا سے اپنے لوگوں کو بھی بچایا اور معیشت بھی سنبھالی،انہوں نے پھر دیکھا کہ یہ ہر جگہ سے بچ رہا ہے پھر سازش شروع کردی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے حکومت ختم ہونے پر مٹھائیاں بانٹتے تھے، انہوں نے دیکھا ہماری حکومت جانے پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے، اب انہیں پتہ لگا اسلام آباد میں لوگوں کا سمندر آنے والا ہے، اس لئے اب فیصلہ کیا گیا عمران خان کو اب دنیا سے ہی فارغ کیا جائے، میں نے اپنے قتل سے متعلق ایک ویڈیو ریکارڈ کرکے محفوظ کرلی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو دیکھنے کے بعد مجھے اور پاکستان کو انصاف دلانا ہے، جن لوگوں کے ویڈیو میں نام لیے ان میں سے ایک ایک کو کٹہرے میں لانا ہے، ایک زہر کا بتاؤں گا جو کھانے میں ڈال دیں تو ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لیاقت علی خان کو قتل کیا گیا، اس کے قاتل نہیں پکڑے گئے، بھٹو کو پھانسی دی گئی، ضیا کا طیارہ گرا کسی کو پتہ نہیں چلا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ عوام کسی ایسی جماعت کو ووٹ نہ دیں جس کے لیڈر کا پیسہ باہر ہو، ایسے لیڈر کا پیسہ جس ملک میں پڑا ہوگا وہ اس ملک کی غلامی کرے گا، انہیں خوف ہوگا کہ آقاؤں کو ناراض کردیا تو پیسہ چلا جائے گا، یہ کبھی اپنے آقاؤں کو ناراض نہیں کریں گے۔

عمران خان نے مزیدکہا کہ بلاول امریکا جاکر کہے گا خدا کیلئے پیسہ دیدو ورنہ عمران واپس آجائے گا، امریکی کبھی مدد نہیں کرینگے جب تک ان کے گلے کی زنجیر ٹائٹ نہ کردیں، امریکی ان سے کہیں گے بھارت سے دوستی کرلو، کشمیر کو بھول جاؤ، وہ کہیں گے فلسطین کی بات مت کرو، روس سے سستا تیل نہیں لینا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ہمیں فتح کےے بغیر غلام بنایا ہوا ہے، عوام سے کہتا ہوں امریکا کے غلاموں کو کبھی قبول نہیں کرنا، ہمیں ان غلاموں سے حقیقی آزادی لینی ہے، ساری قوم ان چوروں، غلاموں کخلاوف اکٹھی ہوگئی ہے، قوم کچھ بھی کرسکتی ہے، پیسہ اکٹھے کرکے قرضے واپس کرسکتی ہے۔

imran khan

Faisalabad

PTI jalsa