Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گوجرانوالہ میں 2 مسافر وین ڈمپر سے ٹکرا گئیں، 12 افراد جاں بحق، 10 زخمی

جمعے کو گوجرانوالہ میں حافظ آباد روڈ پر کوٹ لدھا کے قریب خوفناک حادثہ پیش آیا۔
اپ ڈیٹ 13 مئ 2022 03:05pm

گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کوٹ لدھا کے قریب 2مسافر وین سڑک پر کھڑے خراب ڈمپر سے ٹکرانے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو گوجرانوالہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں حافظ آباد روڈ پر کوٹ لدھا کے قریب 2مسافر وین مخالف سمت میں سڑک پرکھڑے خراب ڈمپر سے ٹکراگئیں۔

ہولناک ٹریفک حادثےمیں 12 افرادجان کی بازی ہار گئے جبکہ 10سے زائد زخمی ہوگئے ، جن میں سے 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، حادثے کی اطلاع ملتےہی گھرمیں کہرام مچ گیا۔

ریسکیوکے مطابق حادثے کے شکارافرادسرگودھا میں دربارپرحاضری کے بعد گوجرانوالہ واپس آرہے تھے، متاثرہ افراد کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیواورپولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، لاشوں اور گاڑیوں میں پھنسے زخمیوں کو نکال کرڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی جائیں گے۔

وزیراعظم کا گوجرانوالہ ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

ادھروزیراعظم شہبازشریف نے گوجرانوالہ ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت کو اصلاحات کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بہتر سڑکوں کی تعمیر سے حادثات کو کم کرنے کے پروگرام پر عمل کریں گے۔

گوجرانوالہ ٹریفک حادثہ: وزیراعلیٰ پنجاب کا انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی گوجرانوالہ کے قریب ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حمزہ شہباز نے کمشنر گوجرانوالہ اور آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ دار کخلا ف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو اسپتال پہنچنے کی بھی ہدایت کردی۔

traffic accident

Gujranwala

collision