عمران خان کی زبان کو روکنا ہوگا ورنہ ملک مزید تقسیم ہوجائے گا: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی زبان کو روکنا ہوگا ورنہ ملک مزید تقسیم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو زہر اگلا ہے وہ ادارے کے خلاف سازش ہے، عمران خان نے ادارے کے خلاف بدترین باتیں کیں۔
قومی اسمبلی میں اظہارِخیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جو کل بات کی وہ ہولناک ہے، عمران خان ملک میں عوام کے ذہنوں میں زہر بھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کھیلے گے اور نہ کھیلنے دیں گے پر عمل کررہا ہے، اگر اسے نوٹس لے کر نہ روکا گیا تو پھر ملک مزید تقسیم درتقسیم ہوجائے گا، آئین و قانون کے مطابق اس زبان کو روکنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز عمران نیازی نے نواب سراج الدولہ سے غداری والی جو مثال ہمارے قومی ادارے کے حوالے سے دی وہ خوفناک ہے، اس ادارے نے جب آپ کو بچے کی طرح دودھ پلایا تو ٹھیک تھا، اس لاڈلے کو جو اداروں نے سپورٹ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، جتنی سپورٹ اس لاڈلے کو ملی ہمیں ملتی تو ملک بلندی پر ہوتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک دھمکی کو بنیاد بناکر سازش قرار دیا جارہا ہے، دھمکی تو ہنری کسنجر نے ذوالفقار علی بھٹو کو بھی دی تھی، دھمکی تو پرویزمشرف کو بھی نائن الیون کے بعد دی گئی تھی، کیا یہ سب سازش تھی، دھمکی کی تاریخ بہت لمبی ہے، دھمکی سے سازش کہاں سے نکل آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو زبان استعمال کی اس کو آئین اور قانون کے تحت نہ روکا گیا تو بہت نقصان ہوگا، وہ چاہتے ہیں کہ جمہوریت ختم ہو جائے اور ایسا نظام آئے کہ ہر طرف شورش ہو۔
Comments are closed on this story.