Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جہانگیر ترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اٹھانا تھا، عمران خان

قوم تب تباہ ہوتی ہے جب چھوٹے چور پکڑ لئے جائیں اور بڑے چھوڑ دیئے جائیں، اداروں میں کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہیں، سابق وزیراعظم
اپ ڈیٹ 06 مئ 2022 12:35pm

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اٹھانا تھا، پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدارمیں آؤں گا، الیکشن ہاربھی جائیں ان کوٹکٹ نہیں دیں گے جو ذاتی مفاد کیلئے آتے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے انٹرویومیں کہاکہ علیم خان توقع کرتے تھے کہ ان کی زمین لیگل کرا دوں، علیم خان راوی پر 300 ایکڑزمین خرید کرلیگل کرانا چاہتے تھے، وہاں سے علیم خان سے دوریاں پیدا ہوئیں ۔

جہانگیرترین سے متعلق بات کرتے ہوئے ان سے اختلاف کی وجہ بتاتےہوئے عمران خان نے کہاکہ ان کا مسئلہ چینی بحران تھا جس پرکمیشن بھی بنایا، جہانگیرترین ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوگئے جو لک کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، شوگرمافیا پر انکوائری بٹھائی تو جہانگیر ترین سے اختلافات ہوگئے ۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اٹھانا تھا، قوم تب تباہ ہوتی ہے جب چھوٹے چور پکڑ لئے جائیں اور بڑے چھوڑ دیئے جائیں، اداروں میں کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہیں ۔

سابق وزیراعظم کا کہناتھاکہ اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ہم کوئی قانون سازی نہیں کر سکتے تھے، پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدارمیں آؤں گا ،الیکشن ہاربھی جائیں ان کوٹکٹ نہیں دیں گے جوذاتی مفاد کیلئے سیاست میں آتے ہیں۔

عمران خان نے بتایاکہ امریکا کو اب پاکستان میں جی حضوری کرنے والے مل گئے ہیں، آزاد خارجہ پالیسی کا مطلب اینٹی امریکا نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا مزیدکہنا تھاکہ کابینہ میں60 فیصد لوگ اس وقت ضمانت پرہیں، شریف خاندان یا ضمانت پرہے یا سزا یافتہ ہے، شہبازشریف کا16ارب روپے کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، ان کو قوم پرمسلط کردیا گیا ۔

اسلام آباد

Interview

Aleem Khan