Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

آج نیوز کے مطابق 2 سال کے وقفے کے بعد عید کورونا پابندیوں کے بغیر منائی جا رہی ہے۔
شائع 03 مئ 2022 10:31am
پشاور میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام کے موقع پر لوگ عید الفطر کی نماز میں شرکت کر رہے ہیں۔ رائٹرز
پشاور میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام کے موقع پر لوگ عید الفطر کی نماز میں شرکت کر رہے ہیں۔ رائٹرز

اسلام آباد: رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر (آج) منگل کو ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

آج نیوز کے مطابق 2 سال کے وقفے کے بعد عید کورونا پابندیوں کے بغیر منائی جا رہی ہے۔

دریں اثنا ملک کے بڑے شہروں بشمول کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے شہروں میں چھوٹے اور بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تاہم نماز کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت اعلیٰ حکام اور مسلم ممالک کے سفیروں نے نماز ادا کی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے لاہور کی جاتی عمرہ مسجد میں نماز ادا کی۔

عید کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پیغام دیا کہ آج یومِ عید ایک خاص دن سے بڑھ کر ایک خاص موقع ہے، بے مثال اتحاد و یگانگت کا۔ آج گلہ کرنے کا نہیں گلے ملنے کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کے یک قالب ہونے کا دن ہے اور مل کر مسکرانے کا دن ہے۔ تمام پاکستانیوں اور عالمِ اسلام میں آباد ہر مسلمان کو میری طرف سے عید کی دلی مبارکباد۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو پیغام دیا کہ میں عید کے پرمسرت موقع پر سب کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ رمضان میں ہم استغفار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی خوشحالی اور عظمت کے لیے دعاگو رہتا ہوں، عید مبارک!

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں پیر کو عید الفطر منائی گئی کیونکہ پشاور زونل کمیٹی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں شوال کا چاند 130 نظر آنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان

Eidul Fitr

Eid 2022