Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

گورنر کو کل رات 12بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کا حکم

گورنر پنجاب کل تک خود یا کسی نمائندے کے ذریعے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں، لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔
اپ ڈیٹ 27 اپريل 2022 11:21am

لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کو کل رات 12 بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازسے حلف لینے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برادری سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا،چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس امیربھٹی نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا کیس کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کل تک خود یا کسی نمائندے کے ذریعے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں، حلف میں تاخیر آئین کیخلاف ہے، عدالت کا حکم گورنر پنجاب کو فوری بھیجا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب پابند ہیں کہ وہ قانون کے مطابق حلف لیں، آئین کے تحت صدر اور گورنر پنجاب اپنے حلف کی پاسداری کے پابند ہیں، پنجاب 25 دن کے بغیر وزیر اعلیٰ کے چل رہا ہے، اس وقت عثمان بزدار وزیر اعلی ٰکی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

صدر صاحب اور گورنر پنجاب ہوش کے ناخن لیں، حمزہ شہباز

دوسری جانب نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکا کہنا ہےکہ صدر صاحب اور گورنر پنجاب ہوش کے ناخن لیں،صدر پاکستان اورگورنرپنجاب آئین کے تحت کام کریں، تاریخ کو داغ دار نہ کریں ،کسی کے ذاتی غلام نہ بنیں۔

لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت کے باہرنومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ملک کےسب سے بڑےصوبے کا کوئی کوئی چیف ایگزیکٹو نہیں، سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئے ، ہماری انا جھوٹی اور آئین بڑا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عدالت عالیہ سے اچھے کی امید ہے، کل ساری قوم نے سن لیا کہ عدالت میں کیا دلائل ہوئے، تین ہفتے ہونے کو ہیں سب سے بڑے صوبے کا کوئی وزیر اعلیٰ نہیں،صدر صاحب اور گورنر کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، گورنر پنجاب اور صدر تاریخ کو داغدار نہ کریں، صدر پاکستان آئین کے تحت کام کریں،عمران نیازی کے ذاتی غلام نہ بنیں۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے حلف نہ لینےکے راستے میں رکاوٹ عمران خان ہیں، پنجاب میں ڈنڈے اور گنڈاسے کی سیاست نہیں چلے گی، یہاں اب صرف قانون کی حکمرانی ہوگی، عمران نیازی عوامی مجرم ہے،انہوں نے آئین اورقانون کو پامال کیا، آئین شکنی کا سیاسی طورپر بھرپور جواب دیں گے۔

LHC

cm punjab

lahore

takes oath

governor punjab

Hamza Shehbaz