Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

صدر عارف علوی نے وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی

ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی نے وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی جس کے تحت نئی وفاقی کابینہ سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی حلف لیں گے۔
شائع 18 اپريل 2022 08:48pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نو تشکیل شدہ وفاقی کابیہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی نے وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کرلی جس کے تحت نئی وفاقی کابینہ سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی حلف لیں گے جبکہ قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے بھی چیئرمین سینٹ نے ہی حلف لیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ نو تشکیل شدہ وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری کل گیارہ بجے ایوان صدر میں ہو گی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی جماعتوں کے قائدین بھی میں شرکت کریں گے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ 36 رکنی وفاقی کابینہ آج رات حلف اٹھائے گی جس میں (ن) لیگ 14، پیپلز پارٹی 11 اور جے یو آئی کے چار وزراء حلف اٹھائیں گے جبکہ بقیہ 7 وزارتیں اتحادیوں کو دی جائیں گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتوں کی تقسیم کا فیصلہ ہوگیا ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وزارت پیپلزپارٹی کو دی جائے گی جبکہ سول ایوی ایشن مسلم لیگ ن، کامرس پیپلز پارٹی اور مواصلات جے یو آئی کو ملے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت دفاع مسلم لیگ ن، دفاعی پیداوار بی اے پی، اقتصادی امور مسلم لیگ ن، وزارات تعلیم اے این پی، وزارت خزانہ مسلم لیگ ن اور وزارت خارجہ پیپلزپارٹی کو دی جائے گی۔

اس کے علاوہ وزارت ہاوسنگ جے یو آئی، انسانی حقوق، صنعت و پیداوار پیپلز پارٹی وزارتِ اطلاعات مسلم لیگ ن جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایم کیو ایم کو ملے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بین الصوبائی رابطہ ق لیگ، داخلہ مسلم لیگ ن، امورکشمیر و گلگت بلتستان پیپلزپارٹی، وزارت قانون مسلم لیگ ن، صحت پیپلزپارٹی، ثقافت مسلم لیگ ن، اوورسیز پاکستانیز پیپلزپارٹی جبکہ پارلیمانی امور، پیٹرولیم اور وزارت منصوبہ بندی اورپاور مسلم لیگ ن کوملیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ خورشید شاہ کو آبی وسائل، سید نوید قمر کو وزارت تجارت، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کو وزیرخارجہ اورحنا ربانی کو وزیرمملکت برائے خارجہ بنایا جائے گا۔ ادھر شیری رحمان کو وزارت موسمیاتی تبدیلی، شازیہ مری کو چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور مصطفی نواز کھوکھر کو وزارت انسانی حقوق کی وزارت ملنے کا امکان ہے۔

cabinet

Oath Ceremony

Arif Alvi