پی ٹی آئی والے ذاتی انا کیلئے ملک میں انارکی نہ پھیلائیں: ترجمان سندھ حکومت
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمیشہ پی ٹی آئی کو پاکستان تحریک انتشار کہا ہے،یہ لوگ وعدے وفا کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان حکومت میں رہتے ہوئے بھی الزام تراشی کرتے رہے،احترام کی بات کرنے والے عدالتوں کیخلاف بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بھٹو کی پھانسی کے باوجود عدالت مخالفت بات نہیں کی، یوسف رضا گیلانی کو نااہل کیا گیا،ہم نے احترام کیا، ڈپٹی اسپیکر غیر آئینی رولنگ نہ دیتے تو عدالت مداخلت نہ کرتی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ معاملات آئین کے مطابق نہ چلنے پر اپوزیشن کو عدالت جانا پڑا،پی ٹی آئی والے ذاتی انا کیلئے ملک میں انارکی نہ پھیلائیں، کیا عثمان بزدار کو ہٹاکر پرویزالہی کو لگانے کا فیصلہ باہر ہوا تھا؟، عمران خان نے خود کو بچانے کیلئے دوسرے کو قربان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 90دن تو کیا 900ہفتے میں کرپشن ختم نہ کرسکے، این آر او نہ دینے والے نے اپنے ہی لوگوں کا این آر او دیا۔
Comments are closed on this story.