Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری: وزیر اعظم عمران خان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی وزیر اعظم عمران اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت وفاقی اور صوبائی وزراء کو مہنگا پڑگئی۔
شائع 22 مارچ 2022 01:08pm

پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری پروزیر اعظم عمران خان پر50ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی وزیر اعظم عمران اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت وفاقی اور صوبائی وزراء کو مہنگا پڑگئی۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرسوات نے وزیر اعظم عمران خان پر50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا،وزیر اعظم کو جرمانہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیا گیا ۔

31 مارچ کو ضلع سوات میں بلدیاتی انتخابات شیڈول ہے،جس کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کے تحت وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزراء پر جلسوں میں شرکت پر پابندی عائد کی لیکن وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سمیت وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، مراد سعید، صوبائی وزراء امجد علی اور محب اللہ نے 16 مارچ کو سوات میں جلسے میں شرکت کی۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت وفاقی اور صوبائی وزراء سے جواب طلب کیا لیکن کسی نے الیکشن کمیشن کو وضاحت نہیں دی۔

جس پرڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے وزیراعظم کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت وفاقی اور صوبائی وزراء پر 50،50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

pm imran khan

ECP

peshawar

fine