Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

سی ٹی ڈی نے پشاور دھماکے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا

انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے...
شائع 05 مارچ 2022 02:00pm
Photo: AFP/FILE
Photo: AFP/FILE

انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے پشاور خودکش دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

آج نیوز کے مطابق پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار میں واقع ایک امام بارگاہ، مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں کم از کم 57 افراد جاں بحق اور 200 کے قریب زخمی ہوئے، جن میں سے اکثر کی حالت نازک ہے۔

دھماکے کی شدت سے تین منزلہ مسجد کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ داخلی دروازے کے اسٹیل فریم کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

تفتیشی ٹیم کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے سات خول بھی ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آور نے نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا،اس کے علاوہ خودکش جیکٹ میں بال بیرنگ بھی استعمال کیے گئے۔

پولیس نے حملہ آور کے خاکے تیار کر لیے ہیں اور جائے وقوعہ سے ملنے والے جسم کے اعضاء کو بھی جانچ کیلئے لیبارٹری بھیج دیا ہے۔

پولیس اور سی ٹی ڈی مشترکہ طور پر واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

آج نیوز کے پاس موجود واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو جائے وقوعہ میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے۔

ابتدائی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ حملہ آور لوگوں پر فائرنگ کرنے کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس نے "تحقیقات کے ایک خاص مقام" تک پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے اور جوائنٹ ٹیم رکشہ کے راستے کا پتہ لگانے کیلئے دوسرے علاقوں سے مزید سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں پشاور خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی تھانے کے ایس ایچ او خان رزاق کیس میں شکایت کنندہ ہیں۔

جبکہ ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

peshawar

CTD

Blast

police