Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

بلاول نے وزیراعظم سے اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا

نوشہرو فیروز: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول...
شائع 01 مارچ 2022 07:48pm
Photo: FILE
Photo: FILE

نوشہرو فیروز: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ وہ اسمبلیاں تحلیل کریں، استعفیٰ دیں اور انتخابات کرائیں تاکہ دیکھیں کہ عوام کس کی حمایت کرتے ہیں۔

نوشہرو فیروز میں پیپلز پارٹی کے حکومت مخالف لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام پہلے ہی حکومت سے اعتماد کھو چکے ہیں، اب پارلیمنٹ میں بھی تحریک عدم اعتماد لائی جائے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران جھوٹوں کا بادشاہ ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اتنے بزدل تھے کہ آپ نے سابق صدر آصف علی زرداری کا انٹرویو نشر کرنے سے روک دیا۔

بلاول نے کہا کہ عمران خان میں تنقید سننے کی ہمت نہیں ہے، وہ کبھی عدلیہ پر حملہ کرتا ہے اور کبھی اپوزیشن لیڈروں کو جیل بھیجتا ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا سہرا پی پی پی کے حامیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے احتجاج کی وجہ سے وزیراعظم عمران کی حکومت نے قیمتیں کم کیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت زراعت پر توجہ دیتی تو معیشت مضبوط ہوتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے پیپلز پارٹی کے مارچ سے پہلے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے کا اضافہ کیا تھا پھر حکومت نے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے کمی کی۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا اصل چہرہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

پاکستان

sindh

Bilawal Bhutto Zardari