Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

پی ٹی آئی رہنماء فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کردی۔
شائع 18 فروری 2022 11:21am

رپورٹ: احمد عدیل سرفراز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنماء فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

پی ٹی آئی رہنماء فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کر دی جس میں الیکشن کمیشن اور مخالف شکایت کنندگان کو فریق بنایا گیا ہے۔

اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن سے کچھ نہیں چھپایا، الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا، الیکشن کمیشن کے پاس آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق کا اختیار نہیں، امریکی شہریت پیدائش سے ہی ملی بعد میں نہیں لی گئی۔

فیصل واوڈا کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تاحیات نااہل کرنے کا اختیار نہیں تھا، الیکشن کمیشن مجاز کورٹ آف لاء نہیں جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عجلت میں اپیل خارج کی۔

پی ٹی آئی رہنما ءکی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سینیٹر کے عہدے پر بحال کیا جائے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء فیصل واوڈا کی اپیل ایڈووکیٹ وسیم سجاد نے سپریم کورٹ میں دائر کی ہے۔

Supreme Court

ECP

اسلام آباد

Faisal Wada

Disqualify