Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کا راوی اربن پراجیکٹ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان راوی اربن پراجیکٹ کالعدم قرار...
شائع 28 جنوری 2022 03:17pm

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان راوی اربن پراجیکٹ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ راوی اربن پراجیکٹ کو سپریم کورٹ میں لے جارہے ہیں، عدالتوں کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن راوی اربن پراجیکٹ پر حکومت نے کیس صحیح طرح پیش نہیں کیا، یہ ایک ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں ، نیا شہر بسایا جا رہا ہے، یہاں ایک جدید شہر بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ 20 ارب ڈالر کا پراجیکٹ ہے اور اس سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی ، اس منصوبے سے روزگار کے مواقع ملیں گے، ملکی تاریخ میں بہت دیر کے بعد اتنا بڑا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کےساتھ ہمیں نئے شہر بسانے کی ضرورت ہے کیونکہ شہر پھیلتے گئے تو گیس، بجلی اور صاف پانی کی سہولتیں فراہم نہیں کی جاسکیں گی، ایسے پراجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے، ورنہ کراچی جیسے مسائل پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ راوی کوبچایا جائے گا، بیراج بنائیں گے، اسلام آباد کے بعد دوسرا شہرپلاننگ کے تحت بن رہا ہے، کوشش کررہے ہیں کہ بنڈل جزیرے پربھی نیا شہربنائیں مگرسندھ حکومت رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات، انار کلی واقعے پر بریفنگ

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو صوبے کے اہم امور، امن و امان کی صورتحال اور انار کلی واقعے پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیار یوں سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں تحصیل کی سطح پر ریسکیو سروس کا آغاز کردیا ہے اور ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس بھی شروع کررہے ہیں جس پر وزیراعظم نے پنجاب حکومت کے ائیر ایمبولینس کے منصوبے کی تعریف کی۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف محکموں میں اصلاحات اور صحت کارڈ کی تقسیم سےمتعلق بھی وزیر اعظم کو بریف کیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جارہی ہے اور مختلف شعبوں میں قانون سازی سےمتعلق بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے صوبے میں حکومتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی عوامی ریلیف کے شعبوں میں کارکردگی قابل تعریف ہے،عام آدمی کو ریلیف دینے کے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔

pm imran khan

Usman Buzdar

Supreme Court

cm punjab

اسلام آباد