Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ملک بھر میں اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ، مجموعی تعداد 138 ہوگئی

کراچی :ملک بھر میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز میں تیزی ...
شائع 03 جنوری 2022 02:56pm

کراچی :ملک بھر میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،کیسز کی مجموعی تعداد 138 تک جاپہنچی جبکہ مزید کیسزکے آنے کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ ایک ہفتے میں اومی کرون ویرینٹ کے 21 مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 54 ہوچکی جبکہ ملک بھر میں 138 سے زائد ہوچکی ہے۔

کراچی میں اومی کرون کیسزبڑھنے کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دائرہ بڑھا یا جائے گا،محکمہ صحت کی سفارش پر جہاں کیسز رپورٹ ہوں گے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا یا جائے گا ۔

محکمہ صحت سندھ کی سفارش پر گلشن اقبال بلاک 7 میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کے بعد لاک ڈاؤن نافذکردیاگیا ہے۔

گلشن اقبال میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں اومیکرون کی تصدیق کی گئی تھی جن کی عمر 26 سے 77 سال کے درمیان ہیں۔

محکمہ صحت کی ٹیم نے متعلقہ تمام افراد کا ڈیٹا جمع کرلیاہے جن کے دیگر رابطوں کو بھی چیک کیا جارہاہے۔

ماہروبائی امراض ڈاکٹررانا جواد اضغر کہتے ہیں کہ اومی کرون ویرینٹ ڈیلٹا ویرینٹ سے 4 گنا تیزی سے پھیلتا ہے یہ وائرس 4ہفتوں میں ہی دنیا کے 100 ممالک میں پھیل چکا ہے۔

ڈاکٹررانا جواد نے خدشہ ظاہر کیا کہ اومی کرون کیسز کی تعداد زیادہ ہےجینوم سیکوینسنگ کی سہولت کم ہونے کی وجہ سے کیسز کی تعداد بھی کم رپورٹ کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستان میں جنوری میں کورونا کی پانچویں لہر متوقع ہے،شہریوں کو بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔

پنجاب میں اومی کرون تیزی سے پھیلنے لگا، محکمہ صحت نے 15روز کا ڈیٹا جاری کردیا

پنجاب میں اومی کرون تیزی سے پھیلنے لگا، تمام ویرینٹس میں سب سے زیادہ 89فیصد اومی کرون کے مریض رپورٹ ہوئے، محکمہ صحت نے 15روز کا ڈیٹا جاری کردیا۔

کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کی پنجاب میں خطرناک انٹری ہوگئی دیگر تمام ویرینٹس کو اومی کرون نے پیچھے چھوڑ دیا۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 15دسمبر 2021سے یکم جنوری 2022تک کورونا کے تمام ویرینٹس کے مجموعی طور پر 103کیسز سامنے آئے۔

محکمہ صحت کے مطابق تمام ویرینٹس میں سب سے زیادہ 89فیصد اومی کرون کے مریض رپورٹ ہوئے ،ڈیلٹا کے 12فیصد جبکہ دیگر 2اقسام کے 2فیصد کیسز سامنے آئے۔

کورونا کے تمام ویرینٹس سے 19سے 49سال کی عمر کے 68فیصد افراد متاثر ہوئے، 15سال سے کم عمر کے 17فیصد اور 50 سال سے زائد عمر کے 15فیصد افراد کورونا کا نشانہ بنے جبکہ 58 فیصد خواتین اور 42 فیصد مرد کورونا سے متاثر ہوئے۔

coronavirus

اسلام آباد

lahore

punjab

Omicron variant