Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹیم میں معیاری اسپینرز کی کمی ہے ، چیف سلیکٹر محمد وسیم

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ملک میں ...
شائع 30 دسمبر 2021 10:55am

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ملک میں معیاری اسپینرز کی کمی پر اپنے تحفظات کا اظہار کردیا۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ اس کمی کو پورا کرنے کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے تاہم ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹس میں کارکردگی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد وسیم نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم نے سال بھر اچھا کھیلا، خاص طور پر ٹی 20 میں ہماری ٹیم کافی سیٹل نظر آتی ہے۔

جبکہ دوسرے فارمیٹس ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں ہمیں کچھ بہتری کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ اس سیزن کے اختتام تک ہم ان شعبوں میں کچھ بہتری دیکھیں گے۔

محمد وسیم نے کہا کہ اگرچہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں ہماری حالیہ کارکردگی اچھی ہے لیکن مجموعی رینکنگ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہمیں ان دونوں فارمیٹس میں بہتری لانے کیلئے کچھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ ہم فاسٹ باؤلنگ اور بیٹنگ میں اچھے ہیں لیکن ایک شعبہ جس میں بہتری کی ضرورت ہے وہ اسپین ڈپارٹمنٹ ہے، ہمارے پاس وہاں کمی ہے۔

محمد وسیم نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اسپین کی معیاری باؤلنگ نہیں ہیں جیسا کہ پہلے ہوتی تھی لیکن ہم اس شعبے میں کام کر رہے ہیں۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اگلے سال بھی اسی رفتار سے کامیابیاں حاصل کرے گا لیکن “ہمیں حقیقت پسند ہونے کی ضرورت ہے” کیونکہ ٹیم کو آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنا ہے اور سلیکشن کمیٹی میگا ایونٹ کیلئے حالات اور ضروریات کے مطابق رجوع کرے گی۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ آسٹریلیا میں ورلڈ کپ سے قبل بہت سی کرکٹ کھیلنی ہے اس لیے ہم صورتحال کا جائزہ لیں گے لیکن میں اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتا کہ وہاں کون ہوگا اور کون نہیں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں وسیم نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی شعیب ملک یا حفیظ جیسے سینئرز کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے نوجوانوں کی کارکردگی کو دیکھ رہی ہے۔

cricket

پاکستان

PCB