Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوازشریف واپسی کا فیصلہ کریں 24 گھنٹے میں ویزے کے ساتھ ٹکٹ کا خرچہ بھی دوں گا، شیخ رشید

کراچی :وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف واپسی کا...
شائع 26 دسمبر 2021 03:24pm

کراچی :وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف واپسی کا فیصلہ کریں 24 گھنٹے میں ویزے کے ساتھ ٹکٹ کا خرچہ بھی دوں گا، شہباز شریف جیسے چور لوگ ہمارے گریبانوں میں ہاتھ نہیں ڈال سکتے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کو گرین لائن کی مبارکباد دیتا ہوں یہاں لوگ بھیڑ بکریوں کی طرف سفر کرتے تھے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ نوازشریف اتنا سارا ڈرامہ کرکے بیماری کا بہانہ کرملک سے باہر گئے لیکن وہ بالکل صحت مند ہیں،انہوں نے کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا اور نہ ہی کہیں سےعلاج کرایا ہے،اب سننے میں آرہا ہے کہ وطن واپس آرہےہیں،اگرنوازشریف نےواپس آناہےتوانہیں میں اپنی جیب سے ٹکٹ کی پیشکش کرتا ہوں، شریف فیملی کے 3 لوگ یہاں موجود ہیں، وہ بھی آجائیں۔

شیخ رشید نے مزیدکہا کہ نوازشریف کو24گھنٹےمیں پاکستان کاویزادوں گا،نواز شریف نے باہربیٹھ کرعدلیہ اورپاک افواج سےمتعلق بیان دیئے،ان کی وطن واپسی سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا،نواز شریف کے پاس اداروں کیخلاف باتیں کرنے کیلئے کچھ نہیں۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان کہیں جا رہا ہے تو اسے معلوم ہو کہ عمران خان کہیں نہیں جا رہا اور وہ ان کرپٹ لوگوں کیخلاف آخری وقت تک لڑے گا۔

مہنگائی سے متعلق اعتراف کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پچھلے دنوں بیمار ہوا تو پتہ چلا دوائیاں بہت مہنگی ہیں،حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے تاہم لوگ الزام حکومت کو دے رہے ہیں حالانکہ یہ ماضی کی وجہ سے ہوا ہے۔

ایک سوال پر وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کی عمر اب ٹینٹ لگانے کی نہیں رہی ،آصف زرداری کے اور میرے ٹینٹ اکھڑنے کا وقت آگیا ہے، آصف زرداری کے پاس کوئی فارمولا شارمولا نہیں ہے انہوں نے تو لوٹ سیل لگائی ہوئی ہے، سول ملٹری تعلقات بہت بہتر ہیں۔

وزیرداخلہ نے مزیدکہا کہ7دن تک سندھ کے دورے پر ہوں،میں عوام کی تکالیف کو دورکرنے کی کوشش کروں گا،بلدیاتی انتخابات کے بعد4 سال مکمل ہوجائیں گے اور پانچواں سال الیکشن کا ہے، پنجاب میں بہت زبردست کام ہوا ہے لیکن ہم اس کی وضاحت نہیں کر سکے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آٹا اور چینی چور ہمارے گریبانوں میں ہاتھ نہیں ڈال سکتے اور ہم مافیا پر ہاتھ نہیں ڈال سکتے، مجھ جیسا آدمی پریشان ہے تو عوام آدمی کا حشر نشر سمجھ سکتا ہوں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ کون نہیں جانتا اس ملک کو لوٹنے والے زرداری اور نواز شریف ہیں،نواز شریف اور زرداری خاندان ملکی دولت باہر لے جانے والے ہیں،کرپٹ افراد کے احتساب کیلئے ووٹ ملے تھے اعتراف کرتے ہیں انہیں سزا نہیں دلواسکے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا مزیدکہنا تھا کہ شہباز شریف کہتے ہیں حکومت میں آنے کے بعد ان کا ہاتھ ہوگا اور ہمارا گریبان ہوگا انہیں کہتا ہوں آپ جیسے چور لوگ ہمارے گریبانوں میں ہاتھ نہیں ڈال سکتے،شہباز شریف کیخلاف کرپشن کے الزامات ہیں کسی پر نہیں،کہتے ہیں ہم پر سے ہاتھ ہٹالیا گیا ہے ان کو بتانا چاہتا ہوں ادارے کے تھنک ٹینکس 20، 20 سال کی پالیسیاں بناتے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے بلدیاتی الیکشن مکمل ہونے کے بعد عام انتخابات ہیں،میرا حلقہ حساس حلقہ ہے میں اپنے ایک ہی حلقے سے الیکشن لڑتا ہوں،خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نےزیادہ ووٹ لئے ۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو زمانہ طالب علمی سے جانتا ہوں، بانی ایم کیو ایم پرقتل و غارت کے سنگین مقدمات ہیں اور ان سے کسی قسم کی بات نہیں ہو سکتی۔

شیخ رشید نے کہا کہ مودی انڈیا میں مسلمانوں کے قتل عام کا فیصلہ کر رہا ہے، وہاں کے مسلمانوں کو بھی پتہ لگ گیا ہے کہ قائداعظم کا فیصلہ سہی تھا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ براہ راست نہیں بالواسطہ رابطے ہیں اور عمران خان کے دور میں 42 سال بعد او آئی سی کی کامیاب کانفرنس ہوئی ہے۔

Interior Minister

Nawaz Sharif

Sheikh Rasheed

karachi

imran khan

shahbaz sharif

Asif Zardari