Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمرکوٹ: عورت کو اغواء کرنے کی کوشش، 7 افراد کیخلاف مقدمہ درج

عمر کوٹ: نکاح توڑنے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے والی شادی شدہ خاتون...
شائع 22 دسمبر 2021 12:31pm

عمر کوٹ: نکاح توڑنے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے والی شادی شدہ خاتون کو عدالت سے گھر جاتے ہوئے اغواء کرنے کی کوشش کرنے والے 7 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

وہڑو شریف کے رہائشی ہرچند بھیل اور ان کی اہلیہ 40 سالہ تیجھان کے درمیان جھگڑا تھا، جس کی وجہ سے تیجھان نے نکاح منقطع کرنے کیلئے عمرکوٹ کی سول کورٹ سے رجوع کیا۔

عمرکوٹ کے رپورٹر اے بی آریسر کے مطابق پیر کے روز جب وہ ایک کیس کی سماعت میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہی تھیں تو ان پر 7 افراد نے حملہ کیا اور اسے سڑک پر گھسیٹتے ہوئے بال کھینچے، تذلیل کی اور انہوں نے اسے اغواء کرنے کی کوشش کی۔

اس دوران پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اسے بچالیا اور ایک اغواء کار ہیمو بھیل کو پکڑلیا جبکہ باقی اغواء کار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

بعد ازاں اس کے رشتہ دار منگل بھیل نے عمرکوٹ پولیس اسٹیشن میں 7 افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی جن کی شناخت ہیمو، بھانجی، ہرچند اس کے شوہر، پہلاج، سومجی، گھمن، ٹوگو بھیل اور جے پال ٹھاکر کے نام سے ہوئی ہے۔

جبکہ آج عدالت میں سماعت کے موقع پر متاثرہ عورت نے بیان دیا کہ میں نے اپنے شوہر کے مظالم کی وجہ سے خلاء کی درخواست دی تھی ، عدالت سے واپسی پر مجھے اغواء کرنے کی کوشش کی گئی اور مجھے تذلیل کا نشانہ بنایا گیا۔

عدالت نے ایک ملزم کو 2 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ متاثرہ عورت تیجھان بھیل کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی اجازت دے دی۔

پاکستان

sindh