Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو شو کاز نوٹس جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم...
شائع 21 اکتوبر 2021 11:28am
-فائل فوٹو
-فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو شوکاز جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ اعظم سواتی 26 اکتوبر کو پیش ہوکر شوکاز کا جواب دیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں بروز جمعرات 21 اکتوبر کو اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر الزامات کے معاملے پر ممبر نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔

اس موقع پر اعظم سواتی کے وکیل کی جگہ ان کے جونیئر وکیل کمیشن میں پیش ہوئے۔ کمیشن کے سامنے جونیر وکیل کا کہنا تھا کہ وکیل چوہدری فیصل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے وہ آج الیکشن کمیشن میں نہیں آسکے۔

ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی نے استفسار کیا کہ آپ نے سینیر وکیل سے کیس پر بریفنگ نہیں لی؟

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ وکالت نامہ دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے بینچ نے اعظم سواتی کی غیر حاضری سے متعلق بھی استفسار کیا۔

الیکشن کمیشن نے جونیر وکیل کی مزید مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس اور 26 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ وزیرِ ریلوے سینیٹر اعظم سواتی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکشن کمیشن پر برہم ہوئے تھے۔

اعظم سواتی نے الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے۔

اعظم سواتی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔ اعظم سواتی کے الزامات پر قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس سے الیکشن کمیشن کے ارکان نے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔

ECP

Election commission of Pakistan

ShowCause Notice

Azam Khan Swati