Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوفناک زلزلے سے تباہی، 20 افراد جاں بحق، 300 زخمی

کوئٹہ :بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوفناک زلزلے نے تباہی ...
اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2021 12:03pm

کوئٹہ :بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی، زلزلے کے باعث عمارتیں لرز اٹھیں اور کئی مکانات مہندم ہوگئے جبکہ 20افراد جاں بحق اور 300 زخمی ہوگئے ۔

رات گئے بلوچستان زلزلے سے لرز اٹھا،3بج کر ایک منٹ پرسب سو رہے تھے کہ اچانک زمین دہل گئی ،مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،جس کے باعث عمارتیں لرز اٹھیں اور مکانات منہدم ہوگئے،ہرنائی میں ہرجانب تباہی کے مناظر سامنے آئے۔

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 15 کلومیٹر اور مرکز ہرنائی کا علاقہ تھا۔

زلزلے کے جھٹکے پشین، ہرنائی، سبی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور مسلم باغ سمیت صوبے بھر میں محسوس کئے گئے۔

زلزلے نے 20افراد کی جانیں لے لیں ،زیادہ تر بچے اور خواتین لقمہ اجل بنیں جبکہ 300افراد زخمی بھی ہوئے ۔

زلزلے کے باعث گرنے والے مکانات کے ملبے تلے پھنسے افراد کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

زلزلے کے بعد بلوچستان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، زخمیوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچنے پر طبی عملے کو مشکلات کا سامنا رہا۔

زلزلے کے ممکنہ نقصانات ،ہرنائی میں طبی ایمرجنسی نافذ

زلزلے کے ممکنہ نقصانات کے پیش نظر ہرنائی میں طبی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، ہرنائی اور گرد و نواح میں نقصانات کی اطلاع کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سمیت تمام مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور عملہ ہنگامی بنیادوں پر طلب کر لیا گیا ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ مکانات اور چھتیں منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں جن سے جانی نقصانات کا خدشہ ہے۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر اور ایم ایس فوری طور پر ڈی ایچ کیو پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیں۔

”سرکاری عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا“

ڈپٹی کمشنر کے مطابق سرکاری عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا جبکہ ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

”زلزلے کے جھٹکوں سے ہرنائی اور شاہرگ کے علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا“

ڈی جی پی ڈی ایم اے کاکہناہےکہ زلزلے کے جھٹکوں سے ہرنائی اور شاہرگ کے علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا،ہیوی مشینری کو ہرنائی کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے، ہرنائی پہاڑی علاقہ ہے، زیادہ ترمکان کچے ہیں جو متاثر ہوئے۔

”زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی،سخت حالات میں لوگوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے“

وزیرداخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے کہا کہ زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے،پی ڈی ایم اے کی امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئیں،ٹیموں کے ساتھ ہیوی مشینری بھی ہے۔

ضیاء لانگونے بتایا کہ زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 100سے زیادہ افراد زخمی ہیں،شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا،سخت حالات میں اپنےلوگوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے۔

وزیرداخلہ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ زلزلے سے ہونے والے نقصان کاازالہ کریں گے،متاثرین کیلےخ کھانے پینے کی اشیابھی بھیج دیں، انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز ریسکیو میں مصروف ہیں،2 سے 3 گھنٹے میں صورتحال پر قابو پالیں گے۔

ضیاء لانگو نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی راستے بند ہوگئے، بند راستوں میں سے 50 فیصد کو کھول دیا گیا، فوج اور دیگر امدادی ادارے کام میں مصروف ہیں،متاثرین کو ہر قسم کی سہولت دینے کیلئے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ 13سال قبل 8اکتوبر2008کو زلزلےنے ہرنائی اور زیارت میں تباہی مچائی تھی۔

شہباز شریف کا بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پراظہار افسوس

مسلم (ن)لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بلوچستان میں زلزلےسےہونےوالےنقصانات پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہبازشریف نےکہاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے، جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، ہنگامی صورتحال کے تحت وفاق بلوچستان میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرے۔

ن لیگ کے صدر نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی قوم زلزلے کی قیامت خیزی اور نقصانات دیکھ چکی ہے، پوری قوم بلوچستان کے زلزلہ متاثرین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے، پارٹی رہنما ءاور کارکنان امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹائیں۔

بلوچستان میں زلزلہ:وزیر اعلیٰ پنجاب کا جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتےہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریسکیو سرگرمیوں کیلئے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کردی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے ہر وقت حاضر ہیں، پنجاب حکومت زلزلہ متاثرین کے ریسکیو و ریلیف کیلئے تعاون کرے گی۔

بلوچستان میں زلزلہ:وزیر قانون پنجاب کاقیمتی جانوں کے نقصان پر اظہارافسوس

ادھروزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی بلوچستان کے مختلف شہروں میں آنے والے زلزلے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے نقصان پر شدید دکھ پہنچا ہے، اللہ تعالیٰ زلزلے میں جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے، مصیبت کی اس گھڑی میں بلوچی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Balochitan

earthquake

quetta