Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا میں کرپشن اتنی زیادہ ہےکہ عوام کو کچھ ڈیلیور نہیں ہوسکتا، چیف جسٹس

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے 2005کے زلزلہ زدہ علاقوں میں اسکولوں کی...
شائع 29 ستمبر 2021 02:27pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے 2005کے زلزلہ زدہ علاقوں میں اسکولوں کی عدم تعمیرپرازخود کیس میں ایرا کی رپورٹ مسترد کر دی، چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیئے کہ ایرا کی رپورٹ صرف آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، 592 ارب روپے ملے،کیا تعمیر کیا؟ ایرا نے 2005 زلزلے کے بعد سے اب تک کچھ نہیں کیا، خیبرپختونخوامیں کرپشن اتنی زیادہ ہے کہ عوام کو کچھ ڈیلیور نہیں ہوسکتا۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے 2005 کے زلزلہ زدہ علاقوں میں اسکولوں کی عدم تعمیرپرازخود نوٹس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایرا نے 2005 زلزلے کے بعد سے اب تک کچھ نہیں کیا، ایرا نے اتنا کام نہیں کیا جتنا عوام نے زلزلہ زدگان کی مدد کی ، حج کے پیسے لوگوں نے زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے دیئے ،ایرا نےبتایا کہ ان کو592 ارب روپےملے،اس رقم سےکیا تعمیرکیا؟2005 میں دنیا بھر سے پیسہ آیا،2 سال میں سب ازسر نو تعمیر ہو جانا چاہیئےتھا،ایسے نئےشہربنتے جودنیا کے نقشے پرمثال قائم کرتے، مستقبل کے معماروں کے ساتھ کیا حال کررہے ہیں ؟ ۔

جسٹس گلزار احمد نے چئیرمین ایرا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ سارے اسکول ٹوٹے پڑے ہیں، ہم کس دورمیں جی رہے ہیں، یہ کیا ہورہا ہے؟ چیئرمین صاحب بس کاغذات دکھا رہے ہیں جو بس نظرکا دھوکہ ہیں۔

چیئرمین ایرا نے تعمیرات کی تفصیلات بتانے کا کہا تو چیف جسٹس نے تعمیرات کی تصاویر کے ساتھ تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے اسکولوں کی تعمیرسے متعلق آگاہ کیا تو چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئےکہ اسکول اب بن رہے ہیں 16 سال بچے کیا کرتے رہے؟کتنے بچےاسکول ناہونے کی وجہ سے بھاگ گئے ہوں گے،جیسی عمارتیں بن رہی چھ ماہ میں گرجائیں گی، بچوں اوراساتذہ کی زندگیاں خطرے میں لگ رہی ہیں، خیبرپختونخواہ میں کرپشن اتنی زیادہ ہے کہ عوام کوکچھ ڈیلیورنہیں ہو سکتا۔

دوران سماعت جسٹس مظہرعالم میاں خیل نے ترقیاتی کام کرنےوالےٹھیکیداروں سےبھتہ مانگنے کا انکشاف کیا کہ دہشتگرد ٹھیکیداروں سے بھتہ مانگ رہے، دہشتگرد ٹھیکیداردھمکیاں بھی دے رہے ہیں ،بنوں اور ڈی آئی خان میں کئی ٹھیکیدار کام چھوڑ کر بھاگ چکے ہیں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے بھتہ مانگنے سے لاعلمی کا اظہارکیا تو جسٹس مظہرعالم نے کہا کہ لگتا ہےکمشنر اورڈی سی نےآپکواس سنگین مسئلےسے آگاہ نہیں کیا۔

عدالت نے چیئرمین ایرا کواسکولوں کی ازسرنوتعمیر پرتفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے خیبرپختونو ا حکومت کوزلزلے سے متاثرہ علاقوں میں اسکولوں کی تعمیرجلد مکمل کرنےکی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ نے تمام اسکولوں میں سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی۔

Chief Justice

Supreme Court

اسلام آباد

earthquake

KPK

Gulzar Ahmed