فوادچوہدری نے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخی میں بھارتی سازش سے پردہ اٹھادیا
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کی بھارتی سازش سے پردہ اٹھادیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کادورہ پاکستان منسوخ ہونے سے متعلق حقائق سامنے لے آئے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز جعلی پوسٹ بھارت سے جنریٹ ہوئیں، ایک ای میل آئی ڈی حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی، اسی آئی ڈی سے 15 منٹ بعد ای میل کی گئی۔
وزیراطلاعات نے مزیدکہا کہ ای میل وی پی این لگا کر بھارت سے بھیجی گئی تھی، وی پی این کی لوکیشن سنگاپور کی لگائی گئی تاکہ بھارت کی لوکیشن معلوم نہ ہو سکے، جو ڈیوائس نیوزی لینڈ کرکٹ کو تھریٹ دینے کیلئے استعمال ہوئی وہ بھارت کی تھی، اوم پرکاش مشرا نے ممبئی سے اس ڈیوائس کو استعمال کیاتھا۔
فوادچوہدری نے کہا کہ جس ڈیوائس سے ای میل کی گئی اس میں 13 ای میل آئی ڈیز ہیں، تمام ای میلز انڈین فلم انڈسٹری اور ڈراموں کے ناموں پر بنائی گئی ہیں، لیکن اس بار جان بوجھ کر حمزہ آفریدی کے نام سے ای میل آئی ڈی جنریٹ کی گئی۔
وفاقی وزیراطلاعات نے بتایا کہ 19 اگست کو احسان اللہ احسان کے نام سے فیس بک پر جعلی پوسٹ کے ذریعے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ٹارگٹ کرنے کی دھمکی دی گئی، پوسٹ میں لکھا گیا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کو پاکستان نہیں جانا چاہیئے، داعش حملہ کرے گی۔
فواد چوہدری نے مزیدبتایا کہ سنڈے گارجین میں نندن مشرا نے آرٹیکل لکھا جس میں لکھا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پر پاکستان میں حملہ ہو سکتا ہے، سنڈے گارجین میں خبر احسان اللہ احسان کی پوسٹ سے لی گئی، بھارتی صحافی ابھی نندن مشرا کے افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سے بہت قریبی تعلقات ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ 24اگست کو مارٹن گپٹل کو ایک ای میل ملتی ہے جس میں دھمکی دی گئی کہ انھیں پاکستان میں قتل کر دیا جائے گا، یہی ای میل بعد ازاں ان کی اہلیہ کو بھی بھیجی گئی،اس پر تحقیق سے پتہ چلا کہ ای میل اکاؤنٹ 24 اگست کو رات ایک بج کر 5 منٹ پر بنایا گیا، صبح 11 بجے اس اکاؤنٹ سے ای میل کی گئی، اب تک صرف ایک ای میل کی گئی ہے، اس معاملے پر ہم نے انٹرپول سے معاونت مانگی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان کو ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، نیوزی لینڈ کی حکومت کو چاہیے کہ جو تھریٹ ان کو ملا وہ ہم سے شیئر کریں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کےجانے سے پاکستان کوتنہا کرنے کاتاثر غلط ہے،شیخ رشید
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کےجانے سے پاکستان کوتنہا کرنے کاتاثر غلط ہے، ہمیں تنہا نہیں کیاجاسکتا، ہم پرعزم ہیں ،پہلے ہی کہہ دیاتھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم بھی نہیں آئے گی،نیوزی لینڈ ٹیم جہاں ٹھہری ہوئی تھی وہاں آئی ایم ایف اوردیگرحکام بھی تھے.
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان انخلا ءمیں اہم کردار رہا ہے،طورخم اور چمن بارڈر پر معاملات بہتر ہیں،سارا ٹوپی ڈرامہ ہے،دستانے پہنے ہاتھ کو ناکامی ہوگی،بھارت جیلوں سے لوگوں کوضمانت پرنکال کراستعمال کرتاہے۔
وزیر داخلہ نے مزیدکہا کہ پاکستا ن میں کوئی مہاجر کیمپ نہیں ،بھارت کا واویلا ہے،پڑوس میں بھارت کے 66کیمپس تھے جوختم کئے گئے۔
Comments are closed on this story.