Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرپشن کے خلاف ویڈیو بیان: 'نیب کے "اشتہار" کے کتنے پیسے لیے؟'

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ مہوش حیات ایک...
شائع 15 ستمبر 2021 01:00pm

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ مہوش حیات ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 'وہ کرپشن کے خلاف کوششوں پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی کاوشوں کو سراہتی ہیں اور امید کرتی ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری کرپشن کے خلاف اپنا کردار ادا کرے گا۔'

مہوش حیات نے کہا کہ 'کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے اس کا کرپشن سے پاک ہونا بہت ضروری ہے۔'

'میں پاکستان کو کرپشن فری بنانے میں قومی احتساب بیورو کی کاوشوں کو نہ صرف سراہتی ہوں بلکہ امید ظاہر کرتی ہوں کہ نیب قانون کے مطابق پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لیے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے گا تاکہ ہمارا ملک ترقی کرسکے۔'

تاہم یہ ویڈیو مہوش حیات کے اپنے اکاؤنٹ سے شیئر نہیں کی گئی بلکہ بلال پنوں نامی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کی گئی جو خود کو قومی احتساب بیورو کا ایک افسر بتاتے ہیں۔

یہ ویڈیو معروف پاکستانی صحافی سید طلعت حسین نے بھی شیئر کی ہے جس کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے صارف احمد ولید نے لکھا کہ ’مہوش حیات بھی کرپشن کے خلاف نیب کے ہم قدم۔‘

ذیشان کیانی نامی ایک صارف نے تو مہوش حیات کو نیب کا سربراہ بنانے کی بھی گزارش کردی۔

کچھ صارفین یہ بھی پوچھتے نظر آئے کہ مہوش حیات نے اس ’اشتہار‘ میں کام کرنے کے کتنے پیسے لیے ہیں؟

"تمغہ امتیاز" کا اعزاز رکھنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نہ صرف سیاست میں دلچسپی رکھتی ہیں بلکہ اپنے ایک انٹرویو میں وہ عملی سیاست میں آنے کا اشارہ بھی دے چکی ہیں۔

پاکستانی ٹی وی چینل کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ 'وہ سیاست میں آنے کا ارادہ تو رکھتی ہیں لیکن یہ نہیں پتا کہ اپنی جماعت بنائیں گی یا کسی موجودہ جماعت کا حصہ بنیں گی۔'

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 'اگر ایک کرکٹر وزیراعظم بن سکتا ہے تو ایک اداکارہ کیوں نہیں بن سکتی؟'

NAB

corruption