Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کسی کوامیدنہیں تھی طالبان افغانستان پر اتنی جلدی قبضہ کرلیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کسی کو امید...
شائع 05 ستمبر 2021 01:28pm

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کسی کو امید نہیں تھی کہ طالبان افغانستان پر اتنی جلدی قبضہ کرلیں گے،امید ہے افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے طورخم سرحد کا دورہ کیا، شیخ رشید نے طورخم میں انتظامات کا جائزہ لیا۔

بعدازاں میڈیا سے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس خطے میں تبدیلی آنے والی ہے، یہ خطہ اہم ہونے والا ہے اور ہوسکتا ہے کہ ایک نیا بلاک بھی بن جائے، ہندوستان کو بڑی شکست ہوئی ہے، ہم اس خطے میں اہم کردار ادا کریں گے، افغانستان کا استحکام ہمارا استحکام اور اس کی ترقی ہماری ترقی ہے، حالات بہتر ہوں گے تو ہر طرف بہتری ہوگی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی سیاست ہل کررہ گئی ہے کسی کو امید نہیں طالبان اتنی جلدی قبضہ کرلیں گے، دنیا افغانستان کے مسئلے کو سمجھے، بھارت کس منہ سے پروپیگنڈا کررہاہے، ڈی جی آئی ایس آئی کے افغان دورے پر بھارتی میڈیا واویلا کررہا ہے، کیا امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے لوگ افغانستان نہیں گئے، جو عالمی حالات کے تناظر میں ہم پردباؤ ڈالناچاہتے ہیں ہم جلد اس سے نکل آئیں گے۔

شیخ رشید نےمزید کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، ہم نے افغانستان سے 10 ہزار افراد کا انخلا کیا، کوئی بھی افغان مہاجر پاکستان نہیں آیا ، سرحد کی دوسری طرف کی ذمہ داری افغانستان کی ہے، توقع کرتے ہیں افغان سرزمین پاکستان کخلانف استعمال نہیں ہوگی۔

مستونگ دھماکے کے حوالے سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ آج مستونگ میں خودکش حملہ ہوا ہے، دھماکے میں3افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جس وقت جوانوں کی شفٹ تبدیل ہوئی اس وقت دھماکا ہوا، کوئٹہ میں کافی دنوں سے دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں، دھماکے سے متعلق تحقیقات کررہے ہیں۔

Interior Minister

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

Taliban

Torkham Border