Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان دوسرا گھر ہے، اس کیخلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے: ترجمان طالبان

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واضح کیا ہے کہ پاکستان...
شائع 26 اگست 2021 09:35am
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، اس کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان کےخلاف روسی دور سے پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔ کابل اپنے زورِ بازو سے فتح کیا، پاکستان کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امارات اسلامی کا افغانستان کے تمام علاقوں پر قبضہ ہے، طالبان نے افغانستان کے تمام علاقوں میں امن قائم کیا ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہمیں بڑی تعداد میں افغانوں کی حمایت حاصل ہے، ہم ایسی حکومت بنائیں گے جس میں تمام افغان شامل ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ زراعت اور تجارت سے ملک کی معیشت بہتر کی جائے گی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل افغان طالبان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو پاکستان میں کارروائیاں روکنے کا حکم دیا تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ نے پاکستانی شکایات پر تین رکنی کمیشن بنایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمیشن نے کالعدم ٹی ٹی پی کو خبردار کیا تھا کہ وہ پاکستان سے معاملات حل کریں، کالعدم ٹی ٹی پی کے ارکان عام معافی کے بدلے ہتھیار ڈالیں اور پاکستان چلے جائیں۔

پاکستان

TTP

Taliban

zabihullah mujahid