Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان اور افغانستان کی ون ڈے سیریز پر ایک بار پھر سوالیہ نشان

کابل:افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال کے باعث پاکستان اور...
شائع 20 اگست 2021 09:34am

کابل:افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے انعقاد پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا۔

افغانستان ٹیم کو سری لنکا میں پاکستان کی میزبانی کرنی ہے لیکن ملک میں فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان کرکٹ بورڈ کو لاجسٹک مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں سری لنکا میں کھیلی جانی ہےلیکن افغانستان کرکٹ بورڈ کمرشل فلائٹ آپریشن مکمل طور پربحال ہونے کا منتظر ہے۔

سیریز کے شیڈول کا اعلان تو تاحال نہیں ہوا البتہ 3ستمبر کو متوقع طور پر شروع ہونے والی اس سیریز کیلئے افغانستان کرکٹ ٹیم نے کابل سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبوکیلئے سفرکرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کی ٹیم اگلے 3 سے 4 روز میں کولمبو کے سفر کی تیاری کررہی ہےالبتہ فلائٹ آپریشن بحال نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان کرکٹ بورڈ کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

دوسری جانب دونوں بورڈ سیریز کے انعقاد کیلئے پر اُمید ہیں ، سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 21 اگست سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم کا اعلان بھی کل کیا جا سکتا ہے۔

تاہم یہ بھی خبریں آرہی ہیں کہ لاجسٹک مسائل کے باعث سیریز کو ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ افغان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے قبضے کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کھیلے جانے کی تصدیق کی تھی۔

kabul

پاکستان

odi series

pak vs afg