نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز میں شامل تمام 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں رسائی کیلئے اہم ہوں گے تو وہیں پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔
نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کیلئے ترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فروری مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناہے کہ نیوزی لینڈکی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال دوبارہ پاکستان آئے گی، نیو زی لینڈ کیخلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہوگا،خوشی ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہماری درخواست پر دورے میں 2ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے اضافے پر آمادگی ظاہر کی، مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرنے اور پاکستان کو ایک محفوظ اور پرامن ملک ثابت کرے گا۔
ڈیوڈ وائیٹ چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں ،ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات قائم ہیں،خوشی ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں۔
Comments are closed on this story.