Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوروناکے بڑھتے کیسز:پنجاب کے 4 اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ

لاہور:کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پنجاب کے 4 اضلاع میں ...
شائع 03 اگست 2021 01:45pm

لاہور:کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پنجاب کے 4 اضلاع میں 31 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارشات کے مطابق پنجاب میں زیادہ کیسز والے 4 اضلاع میں 31 اگست تک لاک ڈاؤن لگادیا گیا،اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کا اطلاق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں ہوگا، ان اضلاع میں لاک ڈاؤن کے تحت ہفتے اور اتوار کو تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی جبہا سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آوٹ ڈور ڈائننگ کی سخت ایس او پیز کے تحت رات دس بجے تک اجازت ہوگی، آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات 400 افراد کی گنجائش کے ساتھ رات 10 بجے تک کی جاسکیں گی جبکہ جمز میں صرف ویکسینیٹڈ لوگ ورزش کیلئے آسکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ صوبے بھرکے سیاحتی مقامات کو ایس او پیز کے مطابق کام کی اجازت ہے، تمام انٹرٹینمنٹ مراکز، تفریحی پارکس اورسوئمنگ پول مکمل طورپربند رہیں گے، ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت ہوگی، ٹرین سروس کُل گنجائش کے 70 فیصدمسافروں کےساتھ جاری رہےگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صعنت اور زراعت کے شعبے کو استثنیٰ حاصل ہوگا، میڈیکل سروسز، فارمیسیز، طبی مراکز صحت پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کرسکتے ہیں، پھل، سبزی کی دکانیں، چکن اور میٹ شاپس فوڈ ڈلیوری اینڈ ای کامرس سروسز پورا ہفتہ 24 گھنٹےکھلی رہیں گی جبکہ کورئیرسروسز، بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر اینڈ ٹیلی کام کمپنیز، کال سینٹرز، میڈیا ہاؤسز، آٹو ورکشاپس، آئل ڈپو اور منڈیاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔

lockdown

coronavirus

lahore

punjab