Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

نذیر چوہان 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی...
شائع 29 جولائ 2021 11:54am

لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف عبد الرحمان نے کیس کی سماعت کی، وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کی مدعیت میں درج مقدمے میں گرفتار ہونے والے ایم پی اے نزیر چوہان کو ایف آئی اے نے عدالت پیش کیا۔

ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کخلاےف سوشل میڈیا پر نفرت پھیلائی، ملزم سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ریکوری عمل میں لانی ہے اور تفتیش کرنی ہے، لہذا 14روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ایم پی اے نذیر چوہان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے 31 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ایم پی اے نذیر چوہان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) نذیر چوہان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا،نذیر چوہان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

ایم پی اے نذیر چوہان کیخلاف تھانہ گرین ٹاؤن میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا،مقدمہ ایس ایچ او گرین ٹاؤن صغیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دن ایم پی اے نذیر چوہان اپنے کوآرڈینیٹر اور 25نامعلوم افراد کے ساتھ پولنگ اسٹیشن آئے۔

متن میں مزید کہا گیا کہ ایم پی اے نزیر چوہان نے ایس ایچ او سے بد تمیزی کی، انہوں نے پولنگ اسٹیشن کے اندر زبردستی جانے کی کوشش کی، پولیس کے روکنے پر نذیر چوہان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

FIA

lahore

remand

punjab assembly

local court

MPA