Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

گوگل پر طریقہ ڈھونڈ کر شوہر کا قتل

فلموں اور ڈراموں سے سیکھ کر قتل کرنا تو آپ نے سُنا ہی ہوگا ، لیکن...
اپ ڈیٹ 21 جون 2021 10:11am

فلموں اور ڈراموں سے سیکھ کر قتل کرنا تو آپ نے سُنا ہی ہوگا ، لیکن قتل کرنے کے لیے گوگل کی مدد لینا ایک انتہائی بیوقفانہ عمل ہے۔

ایسی ہی کچھ حرکت کی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی ایک خاتون نے، جو گوگل پر طریقہ ڈھونڈنے کے بعد آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر بیٹھی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ضلع ہردا سے تعلق رکھنے والی تبسم نامی خاتون نے جون کی 18 تاریخ کو پولیس کو اپنے شوہر کے فوت ہونے کی اطلاع دی۔

پولیس نے قتل کی تحقیقات کے دوران سائبر کرائم کی مدد سے تبسم کی گوگل ہسٹری چیک کی تو پتہ چلا کہ وہ اپنے شوہر کو قتل کرنے سے پہلے گوگل پر ہاتھ، پاؤں باندھنے، قتل کرنے اور لاش کو ٹھکانے لگانے کے طریقے ڈھونڈتی رہی تھی۔

پولیس کے مطابق خاتون کا شوہر عامر مہاراشٹر میں مزدوری کرتا تھا۔ گھر کے حالات انتہائی خراب تھے، ایسے میں تبسم ایک اور آدمی عرفان کی مدد سے گھر کا خرچہ چلاتی تھی۔ اسی لین دین میں تبسم اور عرفان ایک دوسرے کے قریب آگئے۔

مہاراشٹر میں کورونا لاک ڈاؤن لگا تو عامر گھر آگیا جس کے باعث تبسم اور عرفان کا ملنا محال ہوگیا۔ دونوں نے مل کر عامر کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔

پولیس کے مطابق عامر دمے کا مریض تھا، تبسم نے اس کی دوائی تبدیل کردی جس سے عامر کی حالت خراب ہوگئی۔ رات کے وقت عرفان گھر آیا اور اس نے خاتونِ خانہ کی مدد سے مل کر عامر کو قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مقتول کے ہاتھ پاؤں باندھے اور اس کے بعد عرفان نے ہتھوڑے سے اس وقت تک وار کیے جب تک عامر کی جان نہیں نکل گئی۔

Murder

Crime