Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

غزہ پراسرائیلی بمباری جاری، شہدا کی تعداد 67 تک جا پہنچی، 400 زخمی

فلسطین کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ ...
شائع 13 مئ 2021 09:44am

فلسطین کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ کی پٹی پر جاری بمباری میں شہدا کی تعداد 67 ہو گئی ہے۔ شہداء میں 17 بچے، 6 خواتین اور ایک بزرگ شہری شامل ہے جب کہ بمباری میں چار سو کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں مزید کئی مقامات پر بمباری کی ہے۔ بدھ کے روز اسرائیلی بمباری میں الشروق بلڈنگ کو زمین بوس کرنے کے لیے چار تباہ کن میزائل داغے گئے۔ اس دس منزلہ عمارت میں اکثر دفاتر میڈیا ہاؤسز کے بتائے جاتے ہیں۔

قبل ازیں اسرائیل نے اس عمارت کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے اسے خالی کرانے کو کہا گیا تھا۔

فلسطینی صحافتی ذرائع کے مطابق الشرق پلازے میں تین افراد مارے گئے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے وسطی اسرائیل اور تل ابیب میں ایک بار پھر خطرے کے سائرن بجائے ہیں۔

العربیہ چینل کےنامہ نگار کے مطابق عسقلان پر فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں مزید تین اسرائیلی زخمی ہو گئے جب کہ سدیروت میں ایک راکٹ گرنے سے ایک اسرائیلی شدید زخمی ہوا۔

اسرائیلی داخلی سلامتی کے ادارے 'شاباک' کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے غزہ بریگیڈ کمانڈر باسم عیسیٰ کو ایک مشترکہ کارروائی میں منگل کے روز قتل کردیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کے چار سرکردہ عسکری کمانڈروں جمعہ طلحہ، جمال زبدہ، اور حازم خطیب کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی میں چار روز کے دوران 50 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہدا میں 14 بچے اور تین خواتین شامل ہیں جب کہ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں چھ اسرائیلی جھنم واصل ہوئے ہیں۔

العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فوجی کارروائی کو مزید وسعت دینے کی تیاری شروع کی ہے۔ العربیہ چینل کے نامہ نگار کا مزید کہنا تھا کہ مصر نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوجی کارروائی روکنے اور کشیدگی میں کمی لانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

غزہ کے ساحل کے قریب متعدد اہداف پر اسرائیلی جنگی کشتیوں اور آبدوزوں ذریعے میزائل داغے گئے جب کہ فضائی حملوں میں اسرائیل کے 'ایف 16' طیاروں کے علاوہ 'اپاچی ہیلی کاپٹر' بھی حصہ لے رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں ڈرون طیاروں‌کے ذریعے حملوں کی تیاری کرنے والے ایک گروپ کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق تازہ کارروائیوں میں حماس کے کئی اہم رہ نما اور جنگجو مار ے گئے ہیں۔

درایں اثنا اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ 'طویل البنیاد' جنگ بندی کے بغیر کوئی فائر بندی نہیں ہوگی۔ انہوں نے اسرائیل میں دو ہفتے کے لیے ہنگامی حالت میں توسیع کا بھی اعلان کیا ہے۔

العربیہ چینل کے نامہ نگار کے مطابق غزہ کی سرحد کے قریب 'کورنیٹ' راکٹ حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جب کہ ایک کو درمیانے اور دوسرے کو معمولی زخم آئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد کے قریب فوجی گاڑیوں کی آمد ورفت بند کردی ہے۔

Palestine

Gaza