Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

گورنر ہاؤس میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا 20واں صوبائی کونسل اجلاس

گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاؤس...
شائع 31 مارچ 2021 10:12am

گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا 20واں صوبائی کونسل اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیف پیٹرن محمد صدیق میمن کی تجویز پر چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کو مزید دو سال کیلئے صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جبکہ صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر کومزید دو سال کیلئے صوبائی سیکریٹری نامزد کیا گیا۔

علاوہ ازیں محمد حسین مرزا کو بھی دو سالوں کیلئے صوبائی خازان، فرقان احمد یوسفی اور امام بخش ناگور کو ایگزیکٹیو کمیٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ۔

اجلاس کی نظامت کے فرائض صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے انجام دیئے جبکہ پیٹرن جسٹس (ر) حسن فیروز نے گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ عمران اسماعیل اور صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ کو اسکارف پہنایا۔

بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی صوبائی کونسل کے منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یہ امید کرتا ہوں کہ وہ سندھ میں مزید تیزی کے ساتھ اسکاؤٹ تحریک کو فروغ دینے میں اپنا بھر پور کردا ر ادا کرتے رہیں گے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں ہر قسم کی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہوگئی تھیں اور اس کا اثر اسکاؤٹ تحریک پر بھی پڑا لیکن سینئر اسکاؤٹس اور ان کے لیڈ رز نے سندھ بھر میں اس مشکل موقع پر متاثر کن کردار ادا کیا، یہی وجہ ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں حکومت اسکاؤٹ تحریک سے وابستہ والینٹرز کی طرف دیکھتی ہے جو کہ ہر طرح کی صورتحال سے نبردآزماہونے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ جس کی مثال کورونا کے دوران ایکسپو سینٹر اور سکھر میں قائم آئیسولیشن سینٹرز پر اپنی خدمات کا انجام دینے کے ساتھ ساتھ اسپرے مہم ، آگہی ، راشن کی تقسیم اور احساس پروگرام کے مراکز پر اسکاؤٹس کی خدمات کا میں نے خود مشاہدہ کیا اور ان خدمات کا اعتراف کیا کہ اسکاؤٹس نامساعد حالات اور بلامعاوضہ اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

اس موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے نو منتخب صوبائی اسکاؤٹ کمشنر و چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی سرگرمیاں دیگر صوبوں سے زیادہ رہی ہیں اس عرصہ میں دو مرتبہ صدر مملکت و چیف اسکاؤٹ اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر قومی کونسل کے اجلاس میں اور گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر کراچی میں ’’کلین اینڈ گرین پاکستان اسکاؤٹس کیمپوری ‘‘ میں شرکت فرما کر سندھ کو میزبانی کا شرف بخشا ۔ہم سمجھتے ہیں کہ چیف اسکاؤٹ پاکستان اور چیف اسکاؤٹ سندھ کی اسکاؤٹنگ سے محبت اور سرپرستی اسکاؤٹ تحریک کےفروغ کا باعث ہوگی۔سندھ کے اسکاؤٹس شجر کاری مہم میں بھی بھر پور حصہ لے رہے ہیں ۔ ہماری مہم ’’ ایک بشر دو شجر ‘‘ بڑی کامیابی سے جاری ہے جبکہ سندھ کے ہر ضلع میں فعال ریسکیو ٹیم کسی بھی ناگہانی آفت سے نبٹنے کیلئے تیار ہے ۔

پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز ڈسٹرکٹ بوائےاسکاوٹس ایسوسی ایشن سندھ اور کراچی سینٹرل بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن نے گورنرو چیف اسکاؤٹ سندھ عمران اسمعیلٰ کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ،سید ممتاز علی شاہ کو اسکاوٹس کا صوبائی کمشنراورسیکریٹری سید اختر میر کی مدت تعیناتی میں توسیع پرمبارکباد پیش کی ہے،ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ واسسٹنٹ صوبائی اسکاوٹس کمشنر سندھ ڈاکٹرمنسوب حسین صدیقی، ڈسٹرکٹ اسکاوٹ کمشنررفیعہ جاوید ملاح، ڈسٹرکٹ سیکریٹری ستارسمائیر، اےڈی سی اخلاق احمد، ڈپٹی سیکریٹری محمد احمد خان، ضلعی تعلیمی آفیسر و ڈسٹرکٹ کمشنر مرزا ارشد بیگ، لیڈر ٹرینر طارق علی، اے ڈی سی راحیلہ مسرور ، ڈسٹرکٹ سیکریٹری بشری احسان، اسکاوٹس لیڈرز۔ انوار احمد، نعیم الدین، عبدالغنی، ثریا بیگم، غضنفر علی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر سندھ کا فیصلہ خوش آئیند ہے اسکاوٹ تحریک کو مخلص اور دیانتداری کے ساتھ آگے بڑھانے میں سابق چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن، موجودہ چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ اور صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے جو خدمات انجام دیں وہ قابل تعریف ہیں۔

پاکستان

imran ismail

sindh