Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا کیسز میں اضافہ:پنجاب حکومت کا متاثرہ اضلاع میں مؤثر لاک ڈاؤن کا اعلان

لاہور:پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبے کے...
شائع 29 مارچ 2021 03:03pm

لاہور:پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبے کے متاثرہ اضلاع میں مؤثر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا،پنجاب میں یکم اپریل سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

وزیر اعلی پنجاب عثماب بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی براے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا،جس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔

کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی منظوری دے دی، جس کے بعد صوبے بھر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں کورونا کی شدت کے پیش نظر سخت اقدامات کی توثیق کرتے ہوئے تمام پارکس اور ریسٹورنٹس کو بند کرنے کا حکم دے دیاجبکہ ریسٹورنٹس میں صرف ٹیک آوے کی اجازت ہوگی،ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر بھی یکم اپریل سے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اجلاس میں شہر کے اندر ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ میڑو اور اورنج لائن بھی بند کردی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہر میں سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جائے گاجبکہ شہر کی تمام مارکیٹس شام 6بجے بند کردی جائیں گی تاہم شہریوں کو ماسک پہننے کی سختی سے پابندی ہوگی،صوبے میں مذہبی، سیاسی، سماجی، اور ثقافتی اجتماعات اور ہر طرح کی کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی میڈیا بریفنگ

کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتےہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی انسداد کورونااجلاس میں اہم فیصلے ہوئے،معاشی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں لگارہے،صوبے میں کورونا کے تیسری لہر میں پھیلاؤ کی شرح 14 فیصد ہوچکی ہے، لاہورمیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مثبت کیسزکی شرح 21 فیصد ہے، دیگر اضلاع میں بھی کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث صحت کے نظام پر شدید دباوَ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے 11 اپریل تک 12 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں مؤثرلاک ڈاؤن ہوگا،جس کے بعد زائد کیسز والے اضلاع میں شادی کی تقریبات پرمکمل پابندی ہوگی،ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے،میٹرو بس،اسپیڈوبس،میٹروٹرین بند ہوں گی،ہوٹلز میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور پرپابندی ہوگی ،ریسٹورانٹس سے پارسل لے جانے کی اجازت ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پارکس اورکھیلوں کے مقابلوں پرپابندی ہوگی،کاروباری مراکز ہفتےکے2دن مکمل بند ہوں گے،کاروباری مراکز6بجے بند کردیئے جائیں گے،پنجاب میں125ویکسی نیشن سینٹرقائم ہیں،54ہزارسےزائدہیلتھ ورکرزکی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

lockdown

coronavirus

Usman Buzdar

restaurants

cm punjab

lahore

marriage hall