خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی،عثمان بزدار
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا ،خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے، خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا،خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہر عورت کو عزت، ترقی اور تحفظ دیں گے،ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا جبکہ موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں 187 ڈے کیئر سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ملازمت پیشہ خواتین کیلئے ہاسٹل کی سہولت مہیا کی گئی ہے، اٹک، راجن پور، بہاولنگر، سیالکوٹ اورلیہ میں 28ارب روپے کی لاگت سے نئے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنائے جائیں گے۔
”معاشرے میں خواتین کا کردار سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے“
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے انتخابی عمل میں خواتین بحثیت ووٹر، امیدوار، الیکشن اسٹاف، میڈیا، سیاسی ورکر کے طور پر شریک ہو کر جمہوری عمل کو آگے بڑھاتی ہیں۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے خواتین اور معاشرے کے تمام طبقات کی انتخابی عمل میں مؤثر شمولیت کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں، معاشرے میں خواتین کا کردار سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 218 کے تحت الیکشن کمیشن پر ملک میں آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری عائد ہے، جس کی تکمیل احسن طریقے سے پورا کرنے کے مشن پر کار بند رہیں گے۔
آج کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والی خواتین کو نہیں بھول سکتے،گورنر پنجاب
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خواتین کے عالمی دن پر کشمیری خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والی خواتین کو نہیں بھول سکتے،کشمیر میں تحریک آزادی میں اب تک 22ہزار خواتین بیوہ ہوچکیں ہیں، کشمیری خواتین کے ساتھ بھارتی فوج کا سلوک بدترین دہشتگردی ہے۔
چوہدری سرور نے مزید کہا خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں ہیں، مغرب اس کا تصور بھی نہیں،خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے جبکہ خواتین کی ترقی اور انہیں معاشرتی ، معاشی طور پہ مستحکم بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر قانون سازی کی ہے۔
Comments are closed on this story.