Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں 4 مقامات پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

ملک میں 4مقامات پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے،ووٹنگ شام...
اپ ڈیٹ 19 فروری 2021 03:14pm

ملک میں 4مقامات پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے،ووٹنگ شام 5بجے تک جاری رہے گی،این اے 75ڈسکہ، این اے 45ضلع کرم، پی کے 63نوشہرہ اور پی پی51وزیرآباد شامل ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن)میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

قومی اسمبلی کی2، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی ایک ،ایک نشست پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا، جو شام 5بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

پنجاب کے 2حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ

پنجاب کے 2حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے،این اے 75 ڈسکہ اور پی پی 51 وزیرآباد کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابل متوقع ہے۔

این اے 75 ڈسکہ میں 9 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں جبکہ مسلم لیگ نون کی سیدہ نوشین افتخار شاہ اور تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔

پورے حلقے میں مرد و خواتین ووٹرز کی کل تعداد 494003 ہے، حلقے میں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

پی پی51 وزیر آباد میں کل 11 امیدوار مدمقابل ہیں،مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم طلعت منظور اور تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری یوسف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار ناصر محمود بھی جیت کیلئے پُر امید ہیں۔

حلقے میں مرد و خواتین ووٹرز کی کل تعداد 253953 ہے، ووٹنگ کیلئے حلقے میں 159 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے 2حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ

خیبر پختونخوا کے 2حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے،حلقہ این اے 45 کرم میں جے یو آئی، پی ٹی آئی اور آزاد امیدوار جبکہ پی کے 63 نوشہرہ پرمسلم لیگ ن ،پی ٹی آئی اور اے این پی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ این اے 45 ضلع کرم 1 دو سب ڈویژن لوئر و سینٹرل کرم پر مشتمل ہے،حلقے میں کل ایک لاکھ 80 ہزار 931 ووٹرز ہیں ، جن میں ایک لاکھ 3 ہزار 446 مرد اور77 ہزار 485 خواتین ووٹرز ہیں ۔

حلقے میں 134پولنگ اسٹیشن میں 30حساس جبکہ 12انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں،تمام علاقے اور پولنگ اسٹیشنز میں سیکیوریٹی فورسز کرم ملیشیا اور پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔

پی کے63 نوشہرہ میں 1لاکھ52ہزار364 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں،حلقے میں 102 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جس میں سے 39 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ 35 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دئے گئے ہیں۔

این اے 45 پر27 اور پی کے 63 پر 4 امیدوار آمنے سامنے ہیں جبکہ پی کے 63پرمسلم لیگ ن کے اختیار ولی،پی ٹی آئی کے میاں محمد عمر اور اے این پی کے میاں وجاہت مدمقابل ہیں ۔

این اے 45 پر جے یو آئی کے محمد جمیل، پی ٹی آئی کے فخر زمان اور آزاد امیدوار سید جمال میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

National Assembly

punjab assembly

by election

Polling

KPK Assembly